0
Tuesday 12 Feb 2019 07:14

راحیل شریف کی جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات

راحیل شریف کی جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سابق آرمی چیف و  اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اِن چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے دہشت گردی کے خلاف بننے والے اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو سراہا۔ ذرائع کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے اور وفد کے شرکاء دو روز تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی اور جنرل (ر) راحیل شریف وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی سول و عسکری قیادت سے اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کی ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات پر گفتگو ہوگی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوگی اور مہمان وفد کی دو روز قیام کے بعد واپسی منگل کو متوقع ہے۔ یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 15 دسمبر 2015ء کو اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا اعلان کیا تھا، جس میں ابتدائی طور پر 34 ممالک شریک تھے بعدازاں اس کی تعداد 41 تک پہنچ گئی۔ اسلامی فوجی اتحاد کے پہلا کمانڈر پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کو نامزد کیا گیا اور اب بھی وہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ بظاہر اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا مقصد اسلامی ممالک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوششیں کرنا ہے۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوری ایران سمیت اسلامی ممالک اتحاد میں شامل نہیں، جس وجہ سے مختلف تحفظات کا اظہار ہوتا رہتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 777440
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش