0
Tuesday 12 Feb 2019 09:45

دنیا میں رشوت کی مالیت 15 سے 20 کھرب ڈالرز کے درمیان ہے، کرسٹین لاگاردے

دنیا میں رشوت کی مالیت 15 سے 20 کھرب ڈالرز کے درمیان ہے، کرسٹین لاگاردے
اسلام ٹائمز۔ عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹین لاگاردے نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر میں رشوت کی مالیت 15 سے 20 کھرب ڈالرز کے درمیان ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ بہت بڑی رقم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن مائیکرو معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے۔ دبئی میں میڈیا سے گفتگو آئی ایم ایف کی سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر زیادہ بدعنوانی ہو گی تو اعتماد کا فقدان ہو گا، کم آمدن پیدا ہو گی اور نوجوان اپنے ممالک کے  اداروں پر کم اعتماد کریں گے۔ کرسٹین لاگارد ے نے عالمی معیشت کو لاحق خطرات کے متعلق کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی کشیدگی پائی جا رہی ہے اور اس ضمن میں دونوں ممالک کے درمیان اب تک ہونے والی بات چیت بھی کامیا ب نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دونوں ممالک کے پاس وقت کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جن مسائل کو طے کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ تو ابھی تک پہاڑ کی صورت  کھڑے ہیں۔ آئی ایم ایف کی سربراہ کا کہنا تھا کہ اب تک بریگزٹ کا نتیجہ بھی غیر یقینی کیفیت سے دوچار ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ  اس سے بھی خطے کی شرح نمو کم ہوگی۔ کرسٹین لاگارد ے کا کہنا تھا کہ بریگزٹ کا بہت اچھا یا بہت برا جو بھی نتیجہ برآمد ہوتا ہے تو جو بھی صورت حال پیدا ہوگی وہ بہت کم موافق ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کا یورپی یونین کے دیگر ممالک کے ساتھ مزید تناؤ پیدا ہو گا۔ عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کرسٹین لاگارد ے نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شرح نمو کا بہت زیادہ بڑھ جانا اہم نہیں ہے  بلکہ اہمیت اس بات کی ہے کہ شرح نمو سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر آپ کو یہ دیکھنا ہے کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد مارکیٹ میں آرہی ہے اور آئندہ پانچ سال کے دوران مزید ڈھائی کروڑ تعلیم یافتہ نوجوان عالمی مارکیٹ میں داخل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں آنے والے نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے اورہمیں ان مواقع کی جستجو کرنی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 777463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش