0
Tuesday 12 Feb 2019 14:07

ملکی ترقی ایجنڈے میں سرفہرست ہے، عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ پورا کرینگے، جہانگیر ترین

ملکی ترقی ایجنڈے میں سرفہرست ہے، عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ پورا کرینگے، جہانگیر ترین
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے، حکومت ملک کی ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے، ان شاء اللہ جنوبی پنجاب اور لودھراں کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرینگے۔ اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں وزیراعظم عمران خان نے بہترین انداز میں پاکستان کا مقدمہ پیش کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، بہت عرصے بعد ملک کو ایسا لیڈر ملا ہے، جو پوری دنیا میں پاکستان کی حقیقی نمائندگی کرنا جانتا ہے، ان شاء اللہ عمران خان بین الاقوامی سطح پر ملک کی کھوئی ہوئی عزت ضرور واپس دلائیں گے۔

درایں اثناء جہانگیر ترین سے ملتان سے ایم پی اے سلمان نعیم، انجمن تاجران پاکستان کے صدر خواجہ محمد شفیق، تاجران فیصل سعید، احتشام الحق سمیت تاجران کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے ملاقات کی، تاجروں کو درپیش مسائل اور جنوبی پنجاب سمیت پاکستان بھر میں تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ جہانگیر ترین نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ہم چھوٹے تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں، تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 777537
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش