0
Tuesday 12 Feb 2019 14:40

آیت اللہ علی رضا اعرافی کی سراج الحق سے ملاقات، عالم اسلام کی صورتحال پر تبادلہ خیال

آیت اللہ علی رضا اعرافی کی سراج الحق سے ملاقات، عالم اسلام کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ ایران کے حوزہ ہائے علمیہ قم المقدسہ کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایک بڑے وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے منصورہ میں ملاقات کی، لاہور میں ایران کے نئے قونصل جنرل محمد رضا ناظری، وفاق المدارس شیعہ کے علامہ نیاز نقوی وفد میں شامل تھے، جماعت اسلامی کے مرکزی ذمہ داران حافظ محمد ادریس، عبدالغفار عزیز، میاں مقصود احمد اور حافظ ساجد انور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان ایران تعلقات کے علاوہ عالم اسلام کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ باہمی اتحاد و یکجہتی امت مسلمہ کے لیے اکلوتی راہ نجات ہے، دشمن ہمیں مختلف تعصبات کا شکار کرکے تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے، لیکن قرآن کریم ہمیں بار بار متنبہ کر رہا ہے کہ باہم اختلافات سراسر ہلاکت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے عالم اسلام میں ظلم و ستم اور قتل و غارت گری کو ہوا دی جا رہی ہے، علمائے حق کا فرض ہے کہ اس نازک موڑ پر ہر مظلوم کا ساتھ دیتے ہوئے امت کو مشترکات پر اکٹھا کر دیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کی برحق تعلیمات کی روشنی میں دور حاضر کے معاشی، معاشرتی و اخلاقی چیلنجز کا حقیقی اور عملی حل پیش کیا جائے، ہمیں ایک غیر سودی اقتصادی نظام کے لیے رول ماڈل بننا ہوگا۔ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایران میں ہونے والے مختلف علمی و تحقیقی منصوبوں کا تعارف کرواتے ہوئے باہمی تعاون اور رواداری کو عام کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا علامہ محمد اقبال، امام خمینی اور سید ابوالاعلیٰ مودودی اتحاد امت کے اصل اور حقیقی ترجمان تھے۔
خبر کا کوڈ : 777550
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش