QR CodeQR Code

سندھ کے حکمران اور ان کے ہمنوا لوٹ مار میں مصروف ہیں، ممتاز بھٹو

12 Feb 2019 17:36

ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ سندھ کے حکمران صرف عوام کے خزانے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں، جس کا سندھ اسمبلی میں چیف منسٹر نے اپنی بے بسی کا اظہار کردیا ہے، سندھ کی عوام بے یار و مددگار ہے اور انہیں حکومت کے سہارے کی کوئی بھی اُمید نہیں رکھنی چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار ممتاز علی خان بھٹو نے گذشتہ 11 سالوں سے سندھ کو پیپلز پارٹی کے حکمرانوں میں ایسا بے یار مددگار بنا ہوا ہے کہ ہر شہر اور گاؤں کی گلیاں ہر وقت گندے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں جنہیں صاف کرنے والا کوئی بھی نہیں، یہاں حکمران اور ان کے ہمنوا لوٹ مار میں مصروف ہیں مگر اب تو ان کے حصہ دار پولیس والے بھی ان کا کہنا نہیں مانتے، حال ہی میں کراچی میں دن دھاڑے سرے عام روڈ پر قتل ہونے والا ارشاد رانجھانی سندھ حکومت کی بے بسی اور نااہلی کا ثبوت ہے، جس میں بقول چیف منسٹر سندھ کہ پولیس اس کا کہنا ماننے کو تیار نہیں اور اپنی من مانی کر رہی ہے، اب تو یہ بات کھل کر سامنے آگئی ہے کہ سندھ کے حکمران صرف عوام کے خزانے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں، جس کا سندھ اسمبلی میں چیف منسٹر نے اپنی بے بسی کا اظہار کر دیا ہے، سندھ کی عوام بے یار و مددگار ہے اور انہیں حکومت کے سہارے کی کوئی بھی اُمید نہیں رکھنی چاہیئے، یہاں صرف لوٹ مار، خون ریزی اور طاقتور ہی سب کچھ ہے والا نظام چلتا رہے گا۔

ممتاز بھٹو نے کہا کہ پہلے ہی سندھ میں حکمرانوں اور طاقتور شہریوں نے من مانیاں کرتے ہوئے اربوں روپے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ملک سے چوری کر کے بیرونی ممالک بھیج دیئے ہیں، اس قسم کے جرائم ثابت ہونے کے بعد بھی حکومت اندھی اور بہری بنی ہوئی ہے اور لوٹ مار کا نظام دھام دھوم سے جاری ہے، یہاں تو تبدیلی کا نام و نشاں ظاہر ہی نہیں، لوگ مذاق اُڑا رہے ہیں، اگر ملک کے حکمران ایسی صورتحال پر بھی خاموش تماشائی بنے رہے تو پھر تباہی اور بربادی کا سلسلہ جاری رہے گا اور ملک مزید برباد اور مصیبتوں کا شکار رہے گا، عوام کو آنکھیں کھولنے کا وقت آچکا ہے ورنہ ایسی صورتحال کا شکار بالآخر خود وہ ہی بن جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 777587

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/777587/سندھ-کے-حکمران-اور-ان-ہمنوا-لوٹ-مار-میں-مصروف-ہیں-ممتاز-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org