QR CodeQR Code

دفعہ 35 اے کیخلاف سازشوں کا مقابلہ کیا جائیگا، کشمیر اکنامک الائنس

13 Feb 2019 15:46

کشمیر میں دو روزہ سول کرفیوں کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے تاجروں اور دکانداروں کے علاوہ ریڈی والوں اور چھاپڑی فروشوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مکمل ہڑتال کرکے یہ پیغام پہنچائے کہ کشمیر کا ہر ایک فرد دفعہ 35 اے کیساتھ چھیڑچھاڑ کرنیکے خلاف ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی آئین کی دفعہ 35 اے پر عدالت عظمٰی میں آئندہ دو دنوں میں حتمی شنوائی کے خلاف تجارتی اتحاد کشمیر اکنامک الائنس نے آج اور کل دو روزہ سول کرفیو کا اعلان کیا، جبکہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کی حمایت بھی کی۔ سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے بتایا کہ ایک منصوبے کے تحت جموں کشمیر میں غیریقینی صورتحال پیدا کرنے کے لئے ماحول بنایا جارہا ہے جبکہ دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے خلاف سازشیں رچائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ کشمیریوں کی سیاسی تقدیر سے جڑا ہوا ہے اور اس پر ضرب لگانے کی کسی بھی طور پر اجازت نہیں دی جائے گی۔

کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین نے کشمیر میں دو روزہ سول کرفیوں کی اپیل کرتے ہوئے تاجروں اور دکانداروں کے علاوہ ریڈی والوں اور چھاپڑی فروشوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مکمل ہڑتال کر کے یہ پیغام پہنچائے کہ کشمیر کا ہر ایک فرد دفعہ 35 اے کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرنے کے خلاف ہیں۔ انہوں نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ  مشترکہ مزاحمتی قیادت جو پروگرام اس سلسلے میں دے گی اس پر عمل کیا  جائے گا۔ فاروق احمد ڈار نے بار بار اس معاملے کو عدالت میں ملتوی کرنے پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں کشمیری عوام کے سروں پر تلوار لٹکائی جا رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 777772

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/777772/دفعہ-35-اے-کیخلاف-سازشوں-کا-مقابلہ-کیا-جائیگا-کشمیر-اکنامک-الائنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org