0
Wednesday 13 Feb 2019 23:38

ملتان، پی ایم اے کے وفد کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات، صوبائی وزیر نے مطالبات تسلیم کرلئے

ملتان، پی ایم اے کے وفد کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات، صوبائی وزیر نے مطالبات تسلیم کرلئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے وفد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کی قیادت میں صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد سے سرکٹ ہاوس میں ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران پی ایم اے کے وفد نے انہیں ضلع ملتان و تحصیل شجاع آباد و جلال پور میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے اپنی تحریری یاداشت میں وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے منظور شدہ بیڈز کے حساب سے تمام کیڈرز کے ڈاکٹروں اور خصوصاً گائنی، نیوروسرجری، ریڈیالوجی میں پی جی آرز کی سیٹوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے، ڈسٹرکٹ ہسپتال ملتان کی نئی تعمیر شدہ عمارت کی جلد تکمیل کے بعد اسے فعال کیا جائے، موجودہ ڈسٹرکٹ شہباز شریف و فاطمہ جناح ہسپتال کو گائنی ڈیپارٹمنٹ میں منتقل کرکے اس کو نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ماتحت کیا جائے، سول ہسپتال کی موجودہ عمارت چلڈرن ہسپتال کمپلیکس ملتان کو دے کر اس کی تمام تر خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کا عمل شروع کرایا جائے، نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینسٹسٹری کے مسائل اور ان کے حل کے لئے اسے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کرایا جائے۔

اسکا مستقل پرنسپل تعینات کیا جائے، نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ہیپاٹائٹس کلینک کو فوری طور پر فعال کیا جائے، نشتر میں ڈاکٹرز رہائشی ٹاور کی تعمیر، نشتر ٹو کا منصوبہ اسی مالی سال سے شروع کرایا جائے، پنجاب بھر کے تمام تحصیل و ڈسٹرکٹ ہسپتال کی طرح ملتان کے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تنخواہوں سے ماہانہ چالیس فیصد کٹوتی بند کی جائے۔ صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے پی ایم اے ملتان کے وفد کی تمام ڈیمانڈ کو منظور کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ڈاکٹروں کے تمام الاونس بحال کئے جائیں گے، نئے مالی سال سے انکی تنخواہیں بھی بڑھا دی جائیں گی، اس سال جون تک ڈی ایچ کیو ہسپتال فعال کیا جائے گا اور نشتر ٹو کی تعمیر بھی شروع کر دی جائے گی۔ ملتان کے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تنخواہوں سے بلاوجہ کٹوتیاں کے خاتمے کے لیے سی ای او ڈاکٹر منور عباس کی ورک اپ مکمل کرنے کے ڈیوٹی لگا دی گئی، وفد میں شامل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رانا خاور ڈاکٹر عباس نقوی، ڈاکٹر مرتضٰی بلوچ، ڈاکٹر امجد باری، ڈاکٹر ہاجرہ مسعود، ڈاکٹر حمیرا بشیر، ڈاکٹر شیخ عبدالخالق، ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر، ڈاکٹر ندیم اقبال اور عمران رفیق شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 777873
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش