0
Wednesday 13 Feb 2019 22:34

ایرانی انٹیلی جنس اور فورسز شہداء کے خون کا بدلہ ضرور لیں گی، بہرام قاسمی

ایرانی انٹیلی جنس اور فورسز شہداء کے خون کا بدلہ ضرور لیں گی، بہرام قاسمی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جان بکف ایرانی انٹیلی جنس اور فورسز شہیدوں کے خون کا بدلہ ضرور لیں گی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشتگردانہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کے اہلخانہ اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشتگرد گروہوں کے اس غیر انسانی اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس تکفیری دہشتگرد گروہ نے آج کے حملے کی ذمہ داری قبول کی، اسے بعض علاقائی ممالک کی مالی، عسکری اور نظریاتی سوچ و فکر کی حمایت حاصل ہے، لیکن اس قسم کے غیر انسانی اقدامات علاقے میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایرانی عوام اور حکومت کے ارادے کو متاثر نہیں کرسکتے۔

در ایں اثناء صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر احمد علی موھبتی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے 3 روز کیلئے عام سوگ کا اعلان کیا، جبکہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے اہلسنت عالم دین اور زاہدان کی مکی مسجد کے امام جمعہ مولوی عبدالحمید نے بھی دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی۔ اس سے قبل سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس بریگیڈ نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تکفیری دہشتگردوں نے رزمندگان اسلام کی بس پر خودکش حملہ کرکے سرحدوں کا دفاع کرنے والے بعض اہلکاروں کو زاہدان، خاش شاہراہ پر شہید و زخمی کر دیا۔

سپاہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی عوام سے اسلامی انقلاب کی 40 ویں سالگرہ کے جشن میں عالمی سامراج کے گماشتوں کو ہونے والی شکست کے بعد استکباری طاقتوں اور تسلط پسندوں سے وابستہ خفیہ ایجنسیوں نے ایرانی عوام کی خوشیوں کو خراب کرنے کے مقصد کے تحت آج شام زاہدان، خاش شاہراہ پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایک بس پر خودکش حملہ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار شہید و زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی قدس بریگیڈ کی بس پر آج شام تکفیری دہشتگرد گروہ جیش ظلم نے خودکش حملہ کیا، جس کے نتیجے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی قدس بریگیڈ کے 20 سے زائد اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 777910
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش