QR CodeQR Code

کوہاٹ میں آسمانی بجلی کے باعث شارٹ سرکٹ سے 5 افراد جاں بحق

14 Feb 2019 11:33

واپڈا حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حادثہ آسمانی بجلی گرنے سے ہوا، تار گرنے سے نہیں ہوا جبکہ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے واقعہ بجلی کا تار گرنے سے ہی رونما ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ کوہاٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح سورگل علاقے میں پیش آیا ہے جہاں آسمانی بجلی، بجلی کے 11 ہزار ٹرانسمیشن لائن پر آگری جس کے بعد مقامی گھروں میں آگ لگ گئی۔ آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد موقع پر جبکہ ایک شخص ہسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں دو خواتین بھی شامل ہے جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق واقعہ کے بعد انہوں نے امدادی کاموں کیلئے ریسکیو اہلکاروں سے رابطہ کیا لیکن ریسکیو کی جانب سے انکی مدد نہیں کی گئی اور انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی افراد کو علاج کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہسپتال میں بھی ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے زخمیوں کو طبی امداد دینے میں دقت پیش آئی ہے۔ واپڈا حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حادثہ آسمانی بجلی گرنے سے ہوا، تار گرنے سے نہیں ہوا جبکہ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے واقعہ بجلی کا تار گرنے سے ہی رونما ہوا۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں منگل کے روز سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوا ہے جو اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ جمعے کے روز تک جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 777919

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/777919/کوہاٹ-میں-آسمانی-بجلی-کے-باعث-شارٹ-سرکٹ-سے-5-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org