QR CodeQR Code

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان تاریخی اہمیت کا حامل ہے، ایس ایم منیر

15 Feb 2019 16:50

بزنس کمیونٹی کے وفد سے گفتگو میں سرپرست اعلیٰ یو بی جی نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دیگر برادر ممالک سے تعلقات میں بہتری وزیراعظم عمران خان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اور وہ ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے جو محنت کررہے ہیں اس میں بزنس کمیونٹی انکے ہمراہ قدم ملا کر چل رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی سعودیہ کے اہم ترین سرمایہ کاروں کے ہمراہ پاکستان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور سعودی پرنس کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، جبکہ دیگر ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ بزنس کمیونٹی کے وفد سے گفتگو میں ایس ایم منیر نے کہا کہ سعودی عرب کے پرنس کی پاکستان آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں تقریباً 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان خوش آئند ہے، اس سرمایہ کاری سے ملک میں روزگار اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہونگے، سعودی ولی عہد کے حالیہ دورے سے پاکستان کو 14 ارب ڈالرز اور گوادر میں آئل ریفائنری حاصل ہوگی جس سے پاکستان کی معیشت مزید مضبوط ہوگی اور ملک میں روزگار کے وسائل پیدا ہونگے اور ساتھ ہی دیگر ممالک بھی سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان کا رخ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دیگر برادر ممالک سے تعلقات میں بہتری وزیراعظم عمران خان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اور وہ ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے جو محنت کررہے ہیں اس میں بزنس کمیونٹی انکے ہمراہ قدم ملا کر چل رہی ہے، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے دور رس نتائج برآمد ہوں گے، ملکی معیشت میں بہتری آئیگی۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا احترام پاکستان کا ہر فرد کرتا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا مشکل حالات میں ساتھ دیا ہے، شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے اور اس دورے سے پاکستان اور سعودیہ کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ برسوں کے کٹھن حالات کے بعد پاکستان کا مشکلات سے نکلنے کا سفر شروع ہوگیا ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کی کامیابیوں کے حق میں بھی آوازیں بلند ہونے لگی ہیں، پاکستان کو سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی مدد بھی دستیاب ہے، یہ حقیقت ہے کہ آج کا پاکستان چند ماہ پہلے کے پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط ہے کیونکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھنے کے واضح امکانات ہیں، جبکہ بیرون ممالک مارکیٹوں تک پاکستان کی رسائی آسان ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی پرنس کے ساتھ پاکستان کے دورے پر آنے والے سرمایہ کار دیگر شعبوں کی حامل انڈسٹریز میں بھی شراکت دارانہ سرمایہ کاری کا جائزہ لیں کیونکہ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔


خبر کا کوڈ: 778144

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/778144/سعودی-ولی-عہد-محمد-بن-سلمان-کا-دورہ-پاکستان-تاریخی-اہمیت-حامل-ہے-ایس-ایم-منیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org