0
Friday 15 Feb 2019 18:42

سعودی عرب اب سیکولر اور امریکہ نواز بن چکا ہے، اعجاز ہاشمی

سعودی عرب اب سیکولر اور امریکہ نواز بن چکا ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے لاہور ملاقات کرنیوالے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی شہزادے محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات میں گرم جوشی اور استحکام قابل تعریف ہے مگر بادشاہت سعودیہ میں مزارات مقدسہ کی بے حرمتی پر اُمت مسلمہ میں تشویش پائی جاتی ہے، ہم عمران حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سعودی حکمرانوں تک قوم کے جذبات پہنچاتے ہوئے اپیل کی جائے کہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جائے، جہاں کہ رسول اللہ کی صاحبزادی حضرت فاطمہ الزہرا، خلیفہ سوئم حضرت عثمان، حضرت خدیجہ، اہلبیت اطہار کے دیگر مزارات کو 1925ء میں مسمار کر دیا گیا تھا، ہم ضروری سمجھتے ہیں کہ سعودی حکومت کو یاد دہانی کروائی جائے کہ تاریخی مقامات مقدسہ کی شناخت بحال کرکے لوگوں کی زیارت کیلئے کھولا جائے، اور روضہ رسول پر حاضری کے وقت عائد ناروا پابندیاں بھی اٹھائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد بن سلمان کے برسر اقتدار آنے کے بعد سعودی بادشاہت، اب شدت پسند مذہبی حکومت نہیں رہی، سیکولر اور امریکہ نواز بن چکی ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ماضی میں بدعتوں کی تشریح کا منفی پروپیگنڈا کرکے آل سعود نے مسلمانوں کی جو دل آزاری کی ہے، اس کا ازالہ کیا جائے۔ اُمت مسلمہ کی خواہش ہے کہ جنت البقیع کے مزارات پر حاضری دے کراپنی عقیدت کا اظہار کر سکیں۔ سعودی حکومت ویسے بھی لبرل بننے کی دعویدار اور سیاحت کو فروغ دے رہی ہے، اس لئے اچھا ہوگا کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کو اصلی شکل میں بحال کریں گے تو سعودی سیاحت میں مزید اضافہ ہوگا۔ دنیا بھر سے عاشقان مصطفی جوق در جو ق آئیں گے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ سستی شہرت کیلئے عمران خان نے اقتدار میں لائے جانے کے بعد وزیراعظم ہاوس کی گاڑیاں نیلام کروا دی تھیں اور اب سعودی مہمانوں کی آمد پر انہیں اندازہ ہو گیا ہے کہ ہر ملک کا اپنا وقار ہوتا ہے اور اس کیلئے ضروری اشیاء قوم اور ملت کی ملکیت ہوتی ہیں۔ وزیراعظم ہاوس کی کاروں کی نیلامی سے حاصل ہونیوالی رقوم سے زیادہ اب گاڑیوں کے کرائے پر خرچ ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 778162
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش