0
Friday 15 Feb 2019 18:57

غربت کے خاتمے کیلئے رواں ماہ کے آخر تک جامع پروگرام لائینگے، وزیراعظم عمران خان

غربت کے خاتمے کیلئے رواں ماہ کے آخر تک جامع پروگرام لائینگے، وزیراعظم عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی شہزادے محمد بن سلمان کے دورے سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور روزگار کے مواقع ملیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں قبائلی اضلاع کیلئے صحت کارڈ کا اجرا کردیا، ہیلتھ کارڈ کے تحت 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک علاج کرایا جاسکے گا۔ وزیراعظم نے پشاور میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ قرضے کے اندر ڈوبے ہوئے تھے، کچھ حد تک اس مشکل سے نکل گئے ہیں، غربت کے خاتمے کیلئے رواں ماہ کے آخر تک جامع پروگرام لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام کرنا ہے، پورا پروگرام بنایا ہے، عوامی مشکلات کی وجہ سے میں فوج آپریشن کے خلاف تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی علاقوں کو درپیش مشکلات کا سب سے زیادہ احساس تحریک انصاف کو تھا، ان علاقوں کیلئے فنڈز جاری کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول اور ہیلتھ یونٹ بنانے کا پورا پروگرام بنایا ہے، ملک میں غربت کو کم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے، ملک کی دولت بڑھے گی تو قرضے واپس ہوسکیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع ملیں گے، سعودی شہزادے کے دورے سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقے تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات میں سب سے پیچھے ہیں، قبائلی عوام کی مدد کا وعدہ پورا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں تمام پروگرام عام آدمی کی بہتری کیلئے لائیں گے، سب سے پہلے قبائلی علاقوں کو ہیلتھ انشورنس دینی ہے، غریب گھرانے کی سب سے بڑی مشکل بیماری ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ ایسی انشورنس ہے جو غریب گھرانے کیلئے سب سے بڑی نعمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی علاقوں میں بہت نقصان ہوا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک روز ہ دورے پر پشاور پہنچے ہیں جہاں انہوں نے گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلٰی محمود خان سے ملاقاتیں کی۔ گورنر ہاؤس پہنچے پر گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلٰی محمود خان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے گورنر ہاؤس میں شاہ فرمان اور وزیراعلٰی محمود خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قبائلی اضلاع اور سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی، مشیر برائے اسٹیبلیشمنٹ شہزاد ارباب، معاونین خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے دورہ پشاور کے باعث صوبائی اسمبلی کا اجلاس پانچ منٹ بھی نہ چل سکا۔ کورم پورا نہ ہونے پر اسپیکر نے اجلاس پیر تک ملتوی کردیا۔
خبر کا کوڈ : 778165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش