QR CodeQR Code

پاکستان روس سے اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے، گورنر سندھ

15 Feb 2019 22:35

روسی قونصلیٹ کراچی میں ڈپلومیٹ ڈے کے حوالے سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبہ میں ترقی ہورہی ہے، جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے روسی قونصلیٹ میں ڈپلومیٹ ڈے منانے کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج دررانی بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے دور جدید میں سفارتخانوں کے کام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں سفارت کاروں کا کلیدی کردار ہوتا ہے، کامیاب سفارت کاری سے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبے اور دو طرفہ تجارت کے فروغ میں بھی سفارت کاری اہم ثابت ہوتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان روس سے اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے کیونکہ پاکستان اور روس کے مابین اقتصادی تعاون اور باہمی تجارت کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے اور تجارتی وفود کے تبادلوں سے اس میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبہ میں ترقی ہورہی ہے، جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہورہا ہے کیونکہ سی پیک منصوبہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر روس کے قونصل جنرل نے کہا کہ روسی سفارتکاری بین الاقوامی اور علاقائی فورموں میں ایک اہم کردار ادا کررہی ہیں جس کا بنیادی مقصد دیگر ریاستوں کے ساتھ دوستی ، تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔


خبر کا کوڈ: 778202

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/778202/پاکستان-روس-سے-اقتصادی-تعاون-بڑھانے-کا-خواہش-مند-ہے-گورنر-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org