0
Friday 15 Feb 2019 23:46

دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا گھیرا تنگ کرنا ہوگا، ثروت اعجاز قادری

دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا گھیرا تنگ کرنا ہوگا، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت کی کرپشن کے خلاف پالیسی کے مخالف نہیں، مگر ابھی تک ملک کی لوٹی گئی دولت واپس نہیں لی جا سکی ہے، احتساب کا عمل بلاتفریق ہوگا تو کرپٹ قوتوں کو دھچکا پہنچے گا، دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا گھیرا تنگ اور کراچی کے امن کی فضاء کو مزید بہتر بنانا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر شہریوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل کے حل بالخصوص گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کریں، ملک کو فلاحی ریاست بناکر ہی غربت کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کے خواب پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے عملی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی کو امن کا گہوارہ بناکر ہی معیشت کو مضبوط اور بے روزگاری کی لعنت ختم کی جا سکتی ہے، ردالفساد آپریشن کی کامیابی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ درود و سلام سے فضا کو معطر کرکے بارود کی بدبو کو ختم کرینگے، پائیدار امن و امان کے قیام کیلئے مثبت کردار ادا کرتے رہینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کرپشن، دہشتگردی اور اقرباء پروری سے مکمل نجات چاہتے ہیں، حکمران اقدامات کریں، ملک کو آگے لیجانے کیلئے غریبوں کو ان کا حق دیانتداری سے ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑکوں پر گندا پانی کا جمع ہونا معمول بن چکا ہے، سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے سندھ حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 778205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش