0
Saturday 16 Feb 2019 09:41

کراچی، بھارتی گانے پر طلباء سے ڈانس کروانے پر نجی اسکول کی رجسٹریشن معطل

کراچی، بھارتی گانے پر طلباء سے ڈانس کروانے پر نجی اسکول کی رجسٹریشن معطل
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ماما بے بی کیئر اسکول میں بھارتی پرچم کے سائے تلے انڈین گانے پر طلبا سے ڈانس کرایا گیا، جس کے بعد اسکول کی تمام برانچز کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی ہے۔ ماما بے بی کیئر اسکول (ایم بی سی ایس) انتظامیہ کی جانب سے 10 فروری کو اسکول میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں طلبا سے پرفامنس بھی کرائی گئی، اس تقریب میں دیگر شہریوں کے علاوہ طلبا کے والدین بھی شریک ہوئے تھے، جہاں پر دیگر ممالک کے گانوں کے علاوہ بھارتی گانا ’’پھر بھی دل ہے ہندوستانی‘‘ چلایا گیا، جس میں اسکول کے بچوں نے ڈانس بھی کیا، اس دوران بیک گراؤنڈ اسکرین میں انڈین پرچم بھی لایا جاتا رہا، جبکہ ڈانس کرنے والے طلبا کے گلے میں بھارتی پرچم کے رنگ کے دوپٹے میں موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا، جس کے بعد ڈائریکٹوریٹ انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ کی رجسٹرار رافیعہ جاوید نے اسکول مالک و پرنسپل کے نام مکتوب لکھ کر ان سے اس پروگرام کے بارے میں استفسار کیا کہ آپ نے اسکول میں ایک غیر ملکی گانے پر طلبا سے ڈانس کرایا، اس پر آپ اپنی وضاحت دیں اور خود ڈائریکٹر کے سامنے پیش ہوں، بصورت دیگر 3 روز میں آپ کی رجسٹریشن معطل کی جائے گی، جس کے بعد 3 روز گذر جانے کے بعد اسکول انتظامیہ کا کوئی بھی شخص ڈائریکٹر کے سامنے پیش نہیں ہوا۔

جس کے بعد گزشتہ روز ڈی جی پرائیویٹ اسکول ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے ماما بے بی کیئر اسکول کی تمام برانچز کی رجسٹریشن کو معطل کر دیا ہے اور افسران نے نوٹسز اسکول کی دیوار کے باہر لگا دیئے ہیں، اسکول انتظامیہ نے اپنے تمام موبائل نمبر بھی بند کر دیئے ہیں۔ اسکول انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر وضاحت جاری کرتے ہوئے والدین کو مخاطب کیا ہے کہ ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور اس پر کان نہ دھریں، ہم نے دیگر ممالک کے حوالے سے بھی طلبا کو آگاہی دی تھی، تاہم اس کو غلط رنگ دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 778249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش