0
Saturday 16 Feb 2019 11:56

ضلع کرم، تاجروں کا پاک افغان سرحد پر گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ تیز کرنیکا مطالبہ

ضلع کرم، تاجروں کا پاک افغان سرحد پر گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ تیز کرنیکا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کے تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ پاک افغان خرلاچی سرحد پر گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ تیز کردیا جائے۔ چیکنگ میں سست روی کی وجہ سے ان کے سبزیاں اور میوہ جات خراب ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔ پاراچنار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرم ٹریڈ یونین کے رہنماؤں زرتاج حسین، طاہر حسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاک افغان خرلاچی بارڈر پر بڑی گاڑیوں کی چیکنگ میں سست روی کی وجہ سے ان کو کروڑوں روپے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرکوں میں لوڈ کئے ہوئے سبزیاں اور میوہ جات نو دس دنوں تک پڑے رہنے سے خراب ہو رہے ہیں اور افغانستان پہنچنے پر تاجر مال لینے سے انکار کر رہے ہیں اور انہیں واپس بھیج دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سست روی کی وجہ سے افغانی تاجر غلام خان اور دیگر علاقوں سے مال منگواتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ ٹریڈ یونین کے رہنماؤں نے کہا کہ درآمدات اور برآمدات کیلئے جامع منصوبہ بندی کرکے خرلاچی کو برآمدت اور بوڑکی کو درآمدات کیلئے مختص کیا جائے۔ اس اقدام سے تاجروں کے مسائل میں کافی حد تک کمی آئے گی۔ اس موقع پر مزدور رہنما طاہر حسین نے کہا کہ سرحد پر گاڑیوں کی چیکنگ میں سست روی کی وجہ سے مزدور بھی شدید متاثر ہوگئے ہیں۔ ایک ایک ٹرک دس دس دنوں تک کھڑے رہنے سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ رہنماؤں نے گورنر کے پی کے، پاک فوج کے بریگیڈیئر اختر علیم اور متعلقہ حکام سے پاک افغان خرلاچی بارڈر پر گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ تیز کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 778273
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش