QR CodeQR Code

پشاور، معذور گنڈا ماروں کا پولیس اور کسٹم اہلکاروں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

16 Feb 2019 14:31

مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ بے بسی اور لاچاری کے باعث کارخانوں مارکیٹ سے کپڑے کے دو تین تھان موٹر سائیکل رکشہ میں حاجی کیمپ برائے فروخت لے جاتے ہیں، تاہم راستے میں پولیس اور کسٹم اہلکار انسے رشوت کا تقاضا کرتے ہیں، پولیس اور کسٹم اہلکاروں کیجانب سے بے جا تنگ کئے جانیکے باعث وہ اپنا روزگار بھی ڈھنگ سے نہیں کر پاتے اور دن بھر میں محض 3 یا 400 روپے ہی کما پاتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاؤں سے معذور گنڈا ماروں نے پولیس اور کسٹم اہلکاروں کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حیات آباد پولیس اور کسٹم اہلکاروں کے خلاف نعرے درج تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ بے بسی اور لاچاری کے باعث کارخانوں مارکیٹ سے کپڑے کے دو تین تھان موٹر سائیکل رکشہ میں حاجی کیمپ برائے فروخت لے جاتے ہیں، تاہم راستے میں پولیس اور کسٹم اہلکار ان سے رشوت کا تقاضا کرتے ہیں جو ان کے بس سے باہر کی بات ہوتی ہے۔ انہوں نے اے ایس پی حیات آباد احسن اقبال پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ کارخانوں مارکیٹ سے یومیہ ٹرکوں میں کپڑا بیرون ممالک سمگل کیلئے لے جایا جاتا ہے لیکن پولیس انہیں کچھ نہیں کہتی کیونکہ وہ لوگ ان کی مٹھی گرم کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ معذوری کے باوجود پولیس انہیں ذلیل کرتی ہے اور وقتاََ فوقتاََ انہیں سڑک پر ہی تشدد کا نشانہ بھی بناتی ہے۔ اس دوران احتجاج میں موجود مومن اور خان ولی نامی معذوروں نے مزید بتایا کہ حیات آباد پولیس اور کسٹم اہلکار ہم پر بے پناہ ظلم کرتے ہیں، اکثر مال زبردستی چھین کر ساتھ لے جاتے ہیں، نہ چالان کرتے ہیں اور نہ کسٹم دیتے ہیں، ہم معذور لوگ ہیں ہمارے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اور ہم کوئی اور روزگار بھی نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور کسٹم اہلکاروں کی جانب سے بے جا تنگ کئے جانے کے باعث وہ اپنا روزگار بھی ڈھنگ سے نہیں کر پاتے اور دن بھر میں محض 3 یا 400 روپے ہی کما پاتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 778321

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/778321/پشاور-معذور-گنڈا-ماروں-کا-پولیس-اور-کسٹم-اہلکاروں-کیخلاف-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org