0
Saturday 16 Feb 2019 22:19

شہباز شریف کی ضمانت ہونے سے معاملہ ڈھیل کی طرف چلا گیا ہے، فواد چوہدری

شہباز شریف کی ضمانت ہونے سے معاملہ ڈھیل کی طرف چلا گیا ہے، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی ضمانت ہونے سے معاملہ ڈھیل کی طرف چلا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر مل کیس میں ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد گزشتہ روز قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو سب جیل قرار دیئے گئے منسٹر انکلیو سے رہا کر دیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ شہباز شریف کی ضمانت ہونے سے معاملہ ڈھیل کی طرف چلا گیا ہے، اس ضمانت سے یہ منفی تاثر گیا ہے کہ انہیں ڈھیل مل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا نیب اور عدالتوں پر کوئی اختیار نہیں ہے، مگر اس طرح کی پیش رفت ہو تو الزام حکومت پر آتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے نیب کو اپنے اندر کی طرف دیکھنے کا مشورہ بھی دیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈیل یا ڈھیل ملنے کی تردید کی تھی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے پر کیا بلائیں، ان کے مرکزی رہنما بدعنوانی کے مقدموں میں جیل میں ہیں یا ضمانتوں پر ہیں یا نیب کی تفتیش میں شامل ہیں اور جو باقی ہیں وہ اس قد کے ہی نہیں کہ انہیں عشائیے میں بلایا جائے، انھیں بلانا نہ بلانا برابر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سنجیدہ اپوزیشن کا نہ ہونا ایک سیاسی بحران ہے، مستقبل میں کوئی نئی لیڈرشپ ابھرے تو ابھرے ورنہ اس بحران سے نکلنا مشکل ہو گا۔ 
خبر کا کوڈ : 778403
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش