0
Sunday 17 Feb 2019 17:38

یورپ نے اپنے داعشی شہریوں کو تحویل میں نہ لیا تو یہ بڑا خطرہ بن جائیں گے، ٹرمپ

یورپ نے اپنے داعشی شہریوں کو تحویل میں نہ لیا تو یہ بڑا خطرہ بن جائیں گے، ٹرمپ
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر نے فرانس جرمنی اور برطانیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اپنے داعشی شہریوں کو اپنی تحویل میں لیں ورنہ یہ بڑا خطرہ بن جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر شام میں قید غیر ملکی دہشت گردوں سے متعلق ٹویٹ کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ میں کہا کہ شام میں 800 داعشی جنگجو قید ہیں، جن کا تعلق یورپی یونین کے رکن ممالک برطانیہ، فرانس اور جرمنی سے ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مذکورہ ممالک اپنے دہشتگرد قیدیوں کو اپنی تحویل میں لےکر اپنے ممالک میں سزائیں دیں اگر یہ رہا ہوگئے تو خود ان ممالک کےلیے بھی خطرہ بن جائیں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے دعویٰ کیا تھا کہ خانہ جنگی کا شکار ملک شام میں داعش کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے اور کچھ ہی عرصے میں امریکی افواج شام سے واپس لوٹ جائیں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شام میں قید داعشی دہشت گرد امریکی حمایت یافتہ فورس سیرئین ڈیموکریٹ فورسز کی قید میں ہیں۔ یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ ہم نے داعش کو شکست دے دی، اور آئندہ 30 دنوں میں امریکی فورسز شام سے نکل جائیں گی۔ شام سے امریکی فوج کے انخلا سے متعلق ٹرمپ کے بیان پر امریکی وزیر دفاع جیمزمیٹس اور دولت اسلامیہ مخالف اتحاد کے خصوصی ایلچی بریٹ میکگرک نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ خیال رہے کہ داعش کے خلاف شام میں صدر باراک اوبامہ نے پہلی مرتبہ سنہ 2014ء میں فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا اور 2015ء کے اواخر میں اپنے 50 فوجی بھیج کر باضابطہ شام کی خانہ جنگی میں حصّہ لیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 778535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش