QR CodeQR Code

حکومت نے پانچ علیحدگی پسند لیڈروں کی سیکورٹی واپس لی

17 Feb 2019 22:23

حریت کانفرنس (م) نے حکومت کے اس فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام نے خود ہی حریت لیڈروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلے میں اُن کی طرف سے کبھی اصرار نہیں کیا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی حکام نے اتوار کو پانچ علیحدگی پسند لیڈروں کی حکومتی سیکورٹی واپس لینے کا فیصلہ لے لیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق جن علیحدگی پسند لیڈران کی سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے، اُن میں میرواعظ عمر فاروق، پروفیسر عبد الغنی بٹ، بلال لون، شبیر شاہ اور ہاشم قریشی شامل ہیں۔ فیصلے کے مطابق مذکورہ لیڈران کی حفاظت پر مامور فورسز اہلکار، گاڑیاں اور دیگر سہولیات واپس لے لی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے اُس اعلان کے کئی روز بعد لیا گیا ہے جس میں اُنہوں نے سرینگر میں کہا تھا کہ اُن لوگوں کی سیکورٹی کے بارے میں سر نو غور کیا جائے گا جو پاکستان سے روپے حاصل کرتے ہیں۔

دریں اثناء حریت کانفرنس (م) نے حکومت کے اس فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام نے خود ہی حریت لیڈروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلے میں اُن کی طرف سے کبھی اصرار نہیں کیا گیا تھا۔ حریت کانفرنس (م) کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اس فیصلے سے مسئلہ کشمیر کی متنازع حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا نہیں ہے۔ واضح رہے کہ حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی اور لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو کوئی حکومتی سیکورٹی حاصل نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 778560

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/778560/حکومت-نے-پانچ-علیحدگی-پسند-لیڈروں-کی-سیکورٹی-واپس-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org