0
Sunday 17 Feb 2019 22:54

جموں حملہ مقبوضہ کشمیر کو تقسیم کرنیکی سازش ہے، مزاحمتی قیادت

جموں حملہ مقبوضہ کشمیر کو تقسیم کرنیکی سازش ہے، مزاحمتی قیادت
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر مسلم لیگ نے جموں خطے میں بے بس اور نہتے مسلمانوں کے خلاف بلوائیوں کی انسانیت سوز کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے مخصوص لوگوں کا پس پردہ ایجنڈا قرار دیا ہے۔ مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری محمد رفیق گنائی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جس طرح بلوائیوں نے جموں کے اندر مسلمانوں پر زیادتی کا ایک نہ تھمنے والا سلسلہ شروع کیا ہے اور بھارت کی ریاستوں میں کشمیری مسلمانوں کا قافیہ حیات تنگ کرنے کے لئے ماحول تیار کیا جارہا ہے وہ نہایت ہی قابل تشویشناک معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کسی بہت ہی بڑے فتنے کی بُو بھی آتی ہے، جس فتنے کا مقصد پورے جموں سے مسلمانوں کے لئے جموں کے دروازے بند کرنا ہوسکتا ہے۔

اس دوران جموں و کشمیر تحریک کشمیر نے جموں میں فرقہ وارانہ حملوں اور نہتے کشمیریوں کے خلاف تشدد اور املاک کو نقصان پہنچانے کی کارروائیوں کو سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات ماڈل کی کارروائیاں جموں کشمیر کے عوام کو نہ تو تقسیم کرسکتی ہیں اور نہ ہی ایک دوسرے کے خلاف کمربستہ کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری امن پسند قوم ہے اور امن کی حفاظت کے لئے ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ دیکر شانہ بشانہ چلنا جانتے ہیں۔

درایں اثنا جموں و کشمیر محاذ آزادی کے صدر محمد اقبال میر نے ایک بیان میں جموں میں ہندو شرپسند بلوائیوں کی جانب سے کشمیریوں اور مقامی مسلمانوں  کے خلاف  تشدد اور درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچانے، کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ آر ایس ایس ذہنیت کے شرپسند جموں میں 1947ء  جیسے فرقہ وارانہ حالات برپا کرنا چاہتے ہیں تاکہ جموں کو پھر ایک بار مسلمانوں سے خالی کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ یہ سب کچھ پولیس کی ناک کے نیچے ہوا۔
خبر کا کوڈ : 778562
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش