0
Sunday 17 Feb 2019 22:21

سندھ میں لسانی بنیادوں پر سازش پھیلانے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، سعید غنی

سندھ میں لسانی بنیادوں پر سازش پھیلانے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، سعید غنی
اسلام ٹائمز۔ وزیر بلدیات سندھ سعیدغنی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں لسانی بنیادوں پر سازش پھیلانے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، نوڈیرو میں شہید ہونے والے تین مزدوروں کی شہادت پر سیاست کرنے والے دراصل اس صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سندھی اور یہاں رہنے والی تمام قومیتیں ہمیشہ اس صوبے میں بھائی چارگی کے ساتھ رہ رہے ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی اسی بھائی چارگی کے ساتھ اس صوبے کی ترقی اور اس کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزری کے علاقے میں باجوڑ قومی جرگہ کے سربراہ روح الامین اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات اور نوڈیرو کے شہداء کی فاتحہ خوانی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ساتھ کے جنرل سیکرٹری اور سٹی کونسل کراچی میں اپوزیشن لیڈر کرم اللہ وقاصی، شاہجہاں خان جبکہ باجوڑ قومی جرگہ کے محمد جمیل، محمد جمال، عمر دراز، عبدالوہاب، حاجی ترخان، حاجی محبت خان، حاجی خائستہ خان، حاجی ادرک اور دیگر شامل تھے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی اور جرگہ کے عمائدین سے تعزیت کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے باجوڑ قومی جرگہ کے سربراہ روح الامین نے کہا کہ اس سانحہ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے حکومت سندھ اقدامات کررہی ہے لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ ان قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ کے لوگ صوبہ سندھ کو اپنی دھرتی تسلیم کرتے ہیں اور ہمارے آباو اجداد نے اس سرزمین کے لئے اپنی خدمات دی ہیں۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ باجوڑ کے لوگوں کی اس صوبے کے لئے کاوشوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت اس طرح کے واقعات کئے جارہے ہیں اور ان واقعات کے بعد ایک منظم گروہ اس صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے لئے یہاں لسانی فسادات کی سازش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کسی بھی قومیت کا کسی دوسری قومیت کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے، لیکن اس سانحہ کی آڑ میں صوبہ سندھ میں سندھیوں اور دیگر قومیتوں میں نفرت کی آگ پھیلانے کی سازش کی جارہی ہے لیکن انشا اللہ باجوڑ کے باشعور عوام اور باشعور سندھی ان تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔
خبر کا کوڈ : 778568
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش