0
Sunday 17 Feb 2019 22:41

موجودہ حکومت بھی اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح تک منتقل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، مصطفیٰ کمال

موجودہ حکومت بھی اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح تک منتقل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام آدمی کے حالات تب تک نہیں بدل سکتے جب تک اختیارات ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کی سطح تک منتقل نہیں ہو جاتے، موجودہ حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح تک منتقل کرنے میں یکسر ناکام ہوگئی ہے، وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما اپنی انتخابی مہم میں لندن اور امریکہ میں رائج بلدیاتی نظام کی مثالیں دیا کرتے تھے اور یہ وعدہ کرتے تھے کہ وہ اختیار ملنے کے بعد فوری طور پر نچلی ترین سطح تک اختیارات اور وسائل منتقل کرنے والے جدید ترین بلدیاتی نظام کا نفاذ کریں گے، لیکن وفاق اور تین صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کے باوجود اب تک نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ بھی تیار نہیں کیا جا سکا جو انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام تر صورتحال میں سندھ کے حالات سب سے زیادہ تشویشناک ہیں، یہاں نوکریوں، ملازمین کے تبادلے، پوسٹنگ اور فنڈز کے اجراء میں سندھ گورنمنٹ تاریخ کے بدترین تعصب کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہری علاقوں کو حقوق کے حوالے سے یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے، جبکہ دیہی علاقوں کا بھی کوئی پرسانِ حال نہیں ہے، تھر میں بچے غذائی قلت کی وجہ سے روز موت کے منہ میں جا رہے ہیں، تعلیمی ادارے، صحت کے مراکز اور سڑکیں تباہ حال ہیں، وفاقی حکومت کو چاہیئے کہ وہ تین صوبوں میں جدید بلدیاتی نظام رائج کرکے سندھ میں بھی اسے رائج کرائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکمران عوام کو پاکستان کی تعمیر میں شراکت داری کا احساس نہیں دیں گے اور انہیں انکی گلی، محلے کے بنیادی مسائل کے حل کا اختیار انکے منتخب نمائندے کے ذریعے انہیں نہیں دیں گے تب تک لوگوں میں پاکستان کے لئے احساس ملکیت نہیں آئے گی، جس سے انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس بھی نہیں ہوگا اور ملک میں احساس محرومی پھیلے گی۔
خبر کا کوڈ : 778570
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش