0
Monday 18 Feb 2019 01:47

پاکستان اور سعودیہ کے درمیان قلیل مدتی، درمیانی اور طویل مدت کیلئے 21 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور سعودیہ کے درمیان قلیل مدتی، درمیانی اور طویل مدت کیلئے 21 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط
اسلام ٹائمز۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر 21 ارب ڈالر کے معاہدے ہوئے، جن میں قلیل مدتی، درمیانی اور طویل مدت کے منصوبے شامل ہیں، توانائی، سیاحت، معدنیات، پیٹرو کیمیکلز، ہوٹل انڈسٹری کے شعبوں میں سات معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب میں مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی پروقار تقریب وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر اسٹینڈرڈائزیشن کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط ہوئے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے معاہدے پر دستخط کئے۔ دونوں ممالک میں کھیلوں اور امور نوجوانان کے شعبوں میں تعاون کا معاہدہ طے پایا، جس پر وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا، سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے دستخط کئے۔ پاکستان اور سعودی عرب میں سعودی مصنوعات کی درآمد سے متعلق معاہدہ طے پا گیا، اس معاہدے پر وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے دستخط کئے۔

اس کے علاوہ سعودی فنڈز سے ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے، وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے۔ تقریب میں ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کے قیام کے لئے معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے، جس پر وزیر پیٹرولیم غلام سرور اور سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے ایم او یو پر سائن کئے۔ پاکستان اور سعودی عرب میں معدنیات کے شعبے میں تعاون کی یادداشت پر دستخط ہوئے، وزیر پیٹرولیم غلام سرور، سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک میں متبادل توانائی کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، معاہدے پر وزیر بجلی عمر ایوب اور سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے دستخط کئے۔
خبر کا کوڈ : 778582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش