0
Monday 18 Feb 2019 12:53

پنجگور ، مسلح افراد کی فائرنگ سے ایف سی کے 4 اہلکار شہید

پنجگور ، مسلح افراد کی فائرنگ سے ایف سی کے 4 اہلکار شہید
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں گھات لگائے نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایف سی کے چار جوان شہید ہوگئے۔ ایف سی حکام کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح تقریباً نو بجے پنجگور سے تقریباً 70 کلومیٹر دور تربت کی طرف گوارگو کے علاقے گوران میں پیش آیا، جہاں تربت کو پنجگور سے ملانے والی این اے 85 سی پیک شاہراہ کی حفاظت پر مامور فرنٹیئر کور بلوچستان پنجگور رائفلز 59 ونگ کے اہلکار پر حملہ کیا گیا۔ ایف سی کے چار اہلکار ایک چیک پوسٹ سے پہاڑی پر قائم دوسری چیک پوسٹ کی طرف جا رہے تھے کہ بلندی پر پہلے سے گھات لگائے دہشتگردوں نے اچانک حملہ کردیا۔ جدید ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے ہتھیاروں سے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ ایف سی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم زیادہ دیر مقابلہ نہ کرسکے اور گولیاں لگنے سے چاروں اہلکار شہید ہوگئے۔ حملہ آور شہید اہلکاروں کا اسلحہ اور وائرلیس سیٹ بھی اپنے ہمراہ لے گئے اور نامعلوم مقام کی طرف فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پنجگور اور قریبی چیک پوسٹوں سے ایف سی کی اضافی نفری موقع پر پہنچی اور لاشوں کو ایف سی ہیڈکوارٹر پنجگور پہنچایا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک عبدالرحمان،سپاہی نعمان، سپاہی نصیب اللہ اور سپاہی حق نوازکے طور پر ہوئی۔
 
چاروں شہداء کی نماز جنازہ ایف سی ہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی، جس میں ایف سی کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر عرفان افتخار نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کی گئیں۔ لانس نائیک عبدالرحمان اور سپاہی نعمان کا تعلق خیبر پشتونخوا کے ضلع لکی مروت، سپاہی نصیب اللہ کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ جبکہ حق نواز کا تعلق بلوچستان کے ضلع کوہلو سے تھا۔ حملے کی ذمہ داری علاقے میں سرگرم علیحدگی پسند کالعدم تنظیموں کے اتحاد نے قبول کی ہے۔ بلوچستان میں ایف سی پر دو دن کے دوران یہ دوسرا حملہ ہے۔ ایک روز قبل صوبے کے شمال مشرقی ضلع لورالائی میں نامعلوم دہشتگردوں نے ایف سی کے دو اہلکاروں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 778646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش