0
Monday 18 Feb 2019 15:26

سعودی ولی عہد کو اعلٰی ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازا گیا

سعودی ولی عہد کو اعلٰی ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازا گیا
اسلام ٹائمز۔ سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ملک کے اعلٰی ترین سول اعزاز نشان پاکستان سے نوازا گیا۔ ایوان صدر میں ہونے والی پُروقار تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ملک کے اعلٰی ترین سول اعزاز "نشان پاکستان" عطا کیا۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء، مسلح فوج کے سربراہان اور دیگر اعلٰی حکام نے شرکت کی۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ دونوں شخصیات نے پاک سعودی دفاعی تعاون سمیت خطے کی صورتحال پر گفتگو کی جبکہ افغان طالبان سے ہونے والے امن مذاکرات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی موجود تھے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دونوں ممالک میں دفاعی و فوجی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں سعودی شاہی خاندان کی اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔ پھر شہزادہ محمد بن سلمان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی، سربراہی میں 11 رکنی پارلیمانی وفد نے ملاقات کی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری بھی شامل تھے۔ اس کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ بگھی میں سوار ہوکر ایوان صدر پہنچے، جہاں انہوں نے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے دورہ پاکستان پر شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کی دعوت بھی دی۔ سعودی مہمانوں کو تقریب میں ظہرانہ دیا جائے گا جس کے بعد وہ دورہ مکمل کرکے پاکستان سے روانہ ہو جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 778683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش