0
Monday 18 Feb 2019 16:11

کشمیریوں کا جذبہ انسانیت اور باہمی بھائی چارہ قابل تحسین ہے، آغا سید حسن

کشمیریوں کا جذبہ انسانیت اور باہمی بھائی چارہ قابل تحسین ہے، آغا سید حسن
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے جموں اور بھارت کی دیگر ریاستوں میں کشمیریوں پر انسانیت سوز حملوں اور ان کے مال و جائیداد کو نقصان پہنچانے کی حالیہ کارروائیوں پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہل وادی کشمیر نے اس نازک مرحلے پر باہمی بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی قدیم روایات کو قائم و دائم رکھ کر اپنی انسانیت دوستی کا بھرپور ثبوت پیش کیا۔ ترجمان نے کہا کہ انسانیت ہر چیز پر مقدم ہے اور اسلام نے احترام انسانیت کا جو درس مسلمانوں کو دیا ہے، کشمیری قوم نے ہر قسم کے حالات میں اس درس اور پیغام کی لاج رکھی ہے۔

انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے کہا کہ اس وقت بھی جب بیرون وادی کشمیریوں پر جارحانہ حملے کئے جارہے ہیں اہل کشمیر نے انسانیت دوستی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا قابل تحسین مظاہرہ کیا جو عالمی برادری کے لئے چشم کشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا زیاں ہر ایک کے لئے تکلیف دہ ہے، انسانی جانوں کے زیاں پر عوام کی بے چینی بھی ایک فطری امر ہے۔ انجمن کے ترجمان نے کہا کہ اہل کشمیر بھی 30 سال سے انسانیت سوز حالات اور کشت و خون کی صورتحال کا سامنا کررہے ہیں لیکن اس قوم نے کسی بھی موڑ پر اپنی انسانیت دوستی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی روایات پر آنچ آنے نہیں دی۔
خبر کا کوڈ : 778684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش