QR CodeQR Code

کھربوں کی سرمایہ کاری کے معاہدے سعودی عرب کی دوستی کا بہترین تحفہ ہے، مفتی نعیم

18 Feb 2019 22:07

ایک بیان میں مہتمم جامعہ بنوریہ نے کہا کہ پاکستان سعودیہ باہم اتحاد سے عالم اسلام کو بھرپور فائدہ ہوگا، دونوں ممالک قائدانہ رول ادا کرتے ہوئے حرمین شریفین اور پاکستان کیخلاف ہونے والی عالمی سطح کی سازشوں کا دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس مفتی محمد نعیم نے سعودیہ عرب میں قید 2107 افراد کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے سے پاک سعودیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کا معاملہ اٹھاکر عمران نے قوم کے دل جیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی رہائی، کھربوں کی سرمایہ کاری کے معاہدے سعودی عرب کی دوستی کا بہترین تحفہ ہے۔ ایک بیان میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس مفتی محمد نعیم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کا تعلق ایک قالب دو جانوں کا ہے، دونوں ہی ممالک روز اول سے ایک دوسرے کی مشکل کے ساتھی رہے ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے یہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے اہل خانہ انتہائی پریشن اور اذیت ناک حالات سے دو چار تھے، عمران خان نے اس معاملے کو اٹھا کر ثابت کردیا کہ وہ اس قوم کے مخلص حکمران ہیں کہ انہوں نے ایک شفیق حکمران کی طرح قیدی پاکستانیوں کی فکر کی اور انتہائی اہم موقع پر بروقت ان کو یاد رکھا، جس پر 2107 پاکستانیوں کو سعودی حکومت نے رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں بیٹھے پاکستانیوں کو یہ امید جاگی ہے کہ اب ماضی کی طرح ان کی مشکلات کو حکومت نظر انداز نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودیہ باہم اتحاد سے عالم اسلام کو بھرپور فائدہ ہوگا، دونوں ممالک قائدانہ رول ادا کرتے ہوئے حرمین شریفین اور پاکستان کیخلاف ہونے والی عالمی سطح کی سازشوں کا دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 778721

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/778721/کھربوں-کی-سرمایہ-کاری-کے-معاہدے-سعودی-عرب-دوستی-کا-بہترین-تحفہ-ہے-مفتی-نعیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org