0
Tuesday 19 Feb 2019 13:46
بھارت نے جنگ کی تو بھرپور جواب دینگے

اگر کسی نے پاکستانی سرزمین استعمال کی ہے تو وہ پاکستان کا بھی دشمن ہے، عمران خان

اگر کسی نے پاکستانی سرزمین استعمال کی ہے تو وہ پاکستان کا بھی دشمن ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دے گا۔ پلوامہ حملے پر قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ چند دن پہلے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں واقعہ ہوا، بھارت نے بغیر سوچے سمجھے پاکستان پر الزام لگا دیا، ہم سعودی ولی عہد کے دورے کی تیاری کر رہے تھے، اس لئے اب بھارتی حکومت کو جواب دے رہا ہوں۔ بھارت نے شواہد کے بغیر پاکستان پر الزام لگایا اور نہ ہی یہ سوچا گیا کہ اس میں پاکستان کا کیا فائدہ ہے، کوئی احمق ہی ہوگا، جو ایسا موقع خود سبوتاژ کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں بھارتی حکومت کو پلوامہ واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کرتا ہوں، بھارت واقعے کا ثبوت دے میں خود ایکشن لوں گا، میں یہ بات واضح طور پر کہتا ہوں، یہ نیا پاکستان اور نئی سوچ ہے، ہم استحکام چاہتے ہیں، بھارت میں بھی ایک نئی سوچ آنی چاہیے، بھارت کو اگر ماضی میں ہی پھنسے رہنا ہے تو آگے بڑھنا مشکل ہوگا۔

ہم دہشت گردی پر بھارت سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں، اگر کسی نے پاکستان کی سرزمین استعمال کی ہے تو وہ پاکستان کا ہی دشمن ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ کی دھمکیوں پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ جنگ شروع کرنا آسان ہے، لیکن اسے ختم کرنا انسان کے بس کی بات نہیں ہوتی۔ اگر بھارت نے کچھ کیا تو پاکستان سوچے گا نہیں بلکہ بھرپور جواب دے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت کو یہ سوچنا ہوگا کہ کشمیری نوجوانوں میں موت کا خوف نکل گیا ہے، اس کی کوئی تو وجہ ہے، افغانستان میں 17 سال بعد دنیا یہ تسلیم کرچکی ہے کہ مذاکرات ہی واحد راستہ ہے، افغان مسئلے کی طرح مسئلہ کشمیر مذاکرات اور بات چیت سے حل ہوگا۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 46 سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے، بھارت نے واقعے کا الزام پاکستان پر لگایا تھا۔
خبر کا کوڈ : 778786
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش