0
Tuesday 19 Feb 2019 23:52

ملتان، تاجروں کا نیشنل بنک کی انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، دھرنے کی دھمکی

ملتان، تاجروں کا نیشنل بنک کی انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، دھرنے کی دھمکی
اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر، سٹی چیئرمین خالد محمود قریشی، ضلعی صدر جعفر علی شاہ اور عارف فصیح اللہ کی قیادت میں نیشنل بنک ٹمبر مارکیٹ میں 3 کروڑ کے فراڈ کے خلاف نیشنل بنک ریجنل آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا اور گھیرائو کیا گیا، جس میں سیکڑوں متاثرین، تاجر قیادت اور متاثرہ بیوگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر نیشنل بنک آف پاکستان کی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، چوک کچہری میں ٹریفک جام ہوگیا اور نظام درہم برہم ہوگیا۔ اس موقع پر تاجر قیادت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری بنک کے اہلکاروں کی جانب سے کھاتہ داروں کی رقوم ہڑپ کرنا کسی طور بھی درست نہیں ہے، ہم نے قانونی طریقہ اپناتے ہوئے نیشنل بنک انتظامیہ کے حکام بالا کو درخواستیں دیں لیکن کہیں بھی شنوائی نہیں ہوئی، بالآخر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔

احتجاجی دھرنے اور گھیرائو کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی مداخلت پر تاجر قیادت اور بنک افسران میں مذاکرات ہوئے جس میں اے سی سٹی قاضی منصور احمد، تحصیلدار امتیاز وڑائچ و دیگر افسران اور ایس ایچ او تھانہ چہلیک سمیت پولیس افسران موجود تھے، تاجر قیادت نے نیشنل بنک ریجنل آفس کے افسران سے ٹمبر مارکیٹ کے برانچ کے متاثرین کی رقوم کی واپسی کا مطالبہ کیا اور ثبوت پیش کئے، جس پر بنک انتظامیہ نے تاجر قیادت کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین اپنے ثبوت ایک ہفتے کے اندر اندر بنک انتظامیہ کو پیش کر دیں اس کے بعد 15 دن کے اندر اندر نیشنل بنک ٹمبر مارکیٹ برانچ کے متاثرین کو رقوم کی ادائیگی کر دی جائے گی، اس کے بعد تاجر قیادت نے چوک کچہری ٹریفک کیلئے کھول دیا اور تاجر پرامن طور پر منتشر ہوگئے، لیکن دھرنے اور گھیرائوں کے اختتام پر تاجر قیادت نے یہ واضح کردیا کہ اگر مذاکرات میں طے کیے گئے معاملات سے روگردانی کی گئی تو پھر ہم شدید احتجاج کا اعلان کریں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری نیشنل بنک انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ اس موقع پر کامران بھٹہ، مرزا نعیم بیگ، شیخ الطاف حسین، ندیم قریشی، منیر ہانس، لطیف بلوچ، رمضان جانی، اشفاق انصاری، ظفر پہوڑ سمیت متاثرین و بیوگان شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 778893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش