0
Wednesday 20 Feb 2019 23:43

اسکردو سیلاب متاثرین نے صوبائی حکومت کے رویوں کیخلاف احتجاج کا عندیہ دیدیا، تیاریاں شروع

اسکردو سیلاب متاثرین نے صوبائی حکومت کے رویوں کیخلاف احتجاج کا عندیہ دیدیا، تیاریاں شروع
اسلام ٹائمز۔ اسکردو کے متاثرین سیلاب حکومت کی عدم توجہی کے باعث سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ انہوں نے معاوضوں کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیلئے صلاح مشورے شروع کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق اسکردو گیول کے سیلاب متاثرین نے اپنے احتجاج کو موثر بنانے کیلئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی، رکن کونسل و اسلامی تحریک کے صوبائی صدر سید عباس رضوی اور انجمن امامیہ کے صدر آغا باقر الحسینی سے بھی رابطے کر لئے ہیں۔ متاثرین حکومت اور انتظامیہ کی زیادتیوں کیخلاف مارچ میں احتجاجی دھرنا دیں گے۔ دھرنا اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک انہیں معاوضے نہیں دئیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں متاثرین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تنگ آگئے ہیں اب مزید زیادتیاں برداشت نہیں کرسکتے۔ وزیراعلٰی حفیظ الرحمٰن اپنی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ متاثرہ علاقوں میں آئے تھے اور متاثرین کو دو ماہ کے اندر اندر گھر تعمیر کرکے دینے کا اعلان کیا تھا، مگر ان کے اعلان پر تاحال عمل درآمد نہیں ہو سکا ہے۔ جب بھی ہم احتجاج کی کال دیتے ہیں انتظامیہ مداخلت کرتی ہے اور کہتی ہے کہ متاثرین کے معاوضوں کی فائل چیف سیکرٹری کے ٹیبل پر پہنچی ہوئی ہے، اب ہم انتظامیہ کی یقین دہانیوں سے بالکل تنگ آگئے ہیں ہم تب مطمئن ہوں گے جب ہمیں معاوضے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی دعوے ہوا میں تحلیل ہوگئے ہیں، سارے حکومتی لوگ جھوٹ بول رہے ہیں مزید جھوٹ سننے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ہمارے احتجاجی دھرنے میں تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 778895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش