QR CodeQR Code

عادل الجبیر کا مفسدانہ بیان پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی پر سوالیہ نشان ہے، علامہ عابد حسینی

20 Feb 2019 14:38

سابق سینیٹر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سعودی نائب وزیر خارجہ سے ایسی باتوں کا گلہ شکوہ بےجا ہے، وہ تو اپنے ہر بیان میں امریکہ اور اسرائیل کی نمک حلالی کا فریضہ سرانجام دیتا رہتا ہے۔ مگر افسوس اس بات پر ہے کہ آزاد اور خودمختار ملک پاکستان کی سرزمین پر تمام تر سفارتی اور اخلاقی حدود کو پائمال کرتے ہوئے ہمارے وزیر خارجہ کے روبرو ایسی گستاخی نہایت قابل افسوس ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستانی سرزمین پر سعودی نائب وزیر خارجہ کی برادر اسلامی ملک کے خلاف گستاخی کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ استعماری مزدور کی یہ پالیسی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، بلکہ امریکہ، اسرائیل اور برطانوی حکومت سے وفاداری اور اطاعت اس خاندان کا آبائی پیشہ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک حسینی کے سربراہ، بزرگ عالم دین اور سابق سینیٹر علامہ سید عابد حسین الحسینی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی نائب وزیر خارجہ سے ایسی باتوں کا گلہ شکوہ بےجا ہے۔ وہ تو اپنے ہر بیان میں امریکہ اور اسرائیل کی نمک حلالی کا فریضہ سرانجام دیتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور خودمختار ملک پاکستان کی سرزمین پر تمام تر سفارتی اور اخلاقی حدود کو پائمال کرتے ہوئے ہمارے وزیر خارجہ کے روبرو ایسی گستاخی نہایت قابل افسوس ہے۔

علامہ عابد حسین الحسینی نے شاہ محمود قریشی کے بزدلانہ رویئے کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عادل الجبیر کا مفسدانہ بیان پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جیسی ایٹمی طاقت اور طاقتور ملک کے وزیر خارجہ کی ایک ایجنٹ اور نہایت کمزور ملک کے نائب وزیر خارجہ کے سامنے بزدلی کا اظہار کرنا پاکستان کے لئے ننگ ہے۔ چنانچہ ایسے بزدل شخص کے لئے پاکستان کا وزیر خارجہ رہنا نہایت شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو اپنی بزدلی کی وجہ سے وزارت خارجہ جیسے اہم عہدے سے فوراً استعفیٰ دینا چاہیئے۔ انہوں نے ملک بھر کے جملہ حریت پسند عوام، جماعتوں خصوصاً علماء سے اپیل کی کہ عادل الجبیر کی گستاخی اور خصوصاً شاہ محمود قریشی کے اس بزدلانہ اقدام کے خلاف ملکی سطح پر احتجاج کریں۔


خبر کا کوڈ: 779044

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/779044/عادل-الجبیر-کا-مفسدانہ-بیان-پاکستان-کی-آزاد-خارجہ-پالیسی-پر-سوالیہ-نشان-ہے-علامہ-عابد-حسینی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org