0
Wednesday 20 Feb 2019 16:04

لاہور، شیر شاہ چوکی میں 8 سالہ بچے پر بدترین تشدد، 3 پولیس اہلکار گرفتار

لاہور، شیر شاہ چوکی میں 8 سالہ بچے پر بدترین تشدد، 3 پولیس اہلکار گرفتار
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں چوکی شیر شاہ پولیس نے ظلم و بربریت کی نئی داستان رقم کر دی۔ 8 سالہ بچے کو موبائل چوری کے الزام میں پکڑ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس حکام نے میڈیا پر خبر آنے پر ایکشن لیتے ہوئے چوکی انچارج سمیت 3 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔ لاہور کی چوکی شیر شاہ پولیس نے درندگی کی انتہا کر دی۔ گرین ٹاؤن کے رہائشی 8 سالہ یتیم معصوم احمد کو ننگا کر کے ہیٹر پر بٹھا دیا۔ گرم استری لگانے اور ہیٹر پر بٹھانے سے بچے کے کولہے بری طرح سے جھلس گئے۔ معصوم احمد کا کہنا ہے کہ پولیس والوں نے الٹا لٹکا کر ڈنڈوں سے بھی مارا۔ احمد کے والد کا 7 سال قبل انتقال ہوا، جسے احمد نے کبھی اپنی ہوش میں دیکھا بھی نہیں۔ احمد کے چچا کا کہنا ہے کہ چند روز قبل نامعلوم لڑکا اسے والد سے ملوانے کا جھانسہ دے کر ایک موبائل شاپ پر لے گیا، نو سرباز لڑکے نے احمد کو چھوٹا بھائی ظاہر کیا اور 2 موبائل فون گھر دکھانے کے بہانے لے اڑا، معصوم احمد کو طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب میڈیا کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے پولیس حکام نے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تینوں اہلکاروں کو گرفتار کر لیا، گرفتار اہلکاروں میں شیر شاہ چوکی کے انچارج سعید احمد، اہلکار اسد لطیف اور فیصل اشرف شامل ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 779046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش