QR CodeQR Code

سعودی وزیر خارجہ کی ایران پر بہتان بازی اسرائیل کی ترجمانی ہے، نصرت شاہانی

20 Feb 2019 18:33

میڈیا سیکرٹری وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی ایران، حماس اور حزب اللہ پر تنقید کیخلاف عمران خان نے نواز شریف کو خوب آڑے ہاتھوں لیا تھا، اب خاموش کیوں؟ اسرائیل کی ترجمان حکومت کو حرم کی پاسبانی کا حق نہیں پہنچتا، حجاز مقدس کے انتظامی امور او آئی سی کے رکن ممالک پر مشتمل کمیٹی کے سپرد کئے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے میڈیا سیکرٹری نصرت علی شاہانی نے پاک سرزمین پر سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی برادر ہمسایہ ملک اسلامی جمہوری ایران پر بہتان تراشی کو پاک ایران تعلقات خراب کرنے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اس موقع پر خاموشی بہت سے سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ ٹرمپ کی سعودی عرب آمد کے موقع پر ایران، حماس اور حزب اللہ پر تنقید کے جواب میں عمران خان نے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو خوب آڑے ہاتھوں لیا تھا، مگر ابھی تک وزیراعظم ہاوس کی طرف سے عادل الجبیر کے غیر اخلاقی اور امریکہ کو خوش کرنیوالے خلافِ حقیقت بیان بارے کچھ نہیں کہا گیا۔ نصرت شاہانی نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کا حزب اللہ کیخلاف الزام تراشی قبلہ اول اور فلسطین سے غداری، اسرائیل سے وفاداری ہے۔ لہو لہو کشمیر کی حمایت اور قاتل بھارت کیخلاف ایک لفظ تک نہ کہنے سے سعودی بھارت گٹھ جوڑ واضح ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ سے فقط اسرائیل کو تکلیف ہے کیونکہ وہ اس کے فلسطین کچلنے کے ناپاک عزائم میں واحد رکاوٹ ہے۔ وارسا کانفرنس میں بھی سعودی عرب، اسرائیل اور امریکہ کا گٹھ جوڑ کھل کر بے نقاب ہو چکا ہے۔ نصرت علی شاہانی نے کہا کہ حزب اللہ نے کسی اسلامی ملک میں دہشتگردی نہیں کی جبکہ سعودی سرپرستی میں دہشتگرد تنظیموں نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہزاروں بے گناہوں کو ہدف بنایا ہے۔ اسرائیلی مفادات کی ترجمان کا فریضہ سرانجام دینے والی سعودی حکومت کو حرم کی پاسبانی کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ آل سعود نے اپنی حیثیت کو متنازع بنا لیا ہے۔ جس پر اسلامی ممالک میں تشویش پائی جاتی ہے اور یہ مطالبہ بہت جائز ہے کہ حجاز مقدس کے انتظامی امور او آئی سی کے رکن ممالک پر مشتمل کمیٹی کے سپرد کئے جائیں۔


خبر کا کوڈ: 779058

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/779058/سعودی-وزیر-خارجہ-کی-ایران-پر-بہتان-بازی-اسرائیل-ترجمانی-ہے-نصرت-شاہانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org