QR CodeQR Code

مولانا رومی کے طرز کلام نے دنیا کی تمام ثقافتوں پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں، رضا ناظری

تمام مذاہب انسانیت کا پیغام دیتے ہیں، راجہ یاسر ہمایوں

20 Feb 2019 19:21

پنجاب یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اسلام اور دیگر مذاہب میں امن اور بہترین اخلاقی اقدار کو فروغ دیا گیا ہے جن پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد (ص) نے فرمایا ہے کہ بہترین مسلمان وہ ہے جس کے اخلاق سب سے ذیادہ اچھے ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم راجہ یاسر ہمایوں نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے تمام مذہب میں موجود مشترکہ اقدار پر اتفاق کرنا چاہئے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ فارسی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اور مسلم انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے مولانا جلال الدین رومی اور حضرت سلطان باہو کی تعلیمات پر الرازی ہال میں منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد، ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران علی اکبری رضائی فرد، ڈائریکٹر یونس ایمرے ترکش کلچرل سنٹر اولاس ارتاس ایڈیٹر انچیف عالمی پنجابی زبان، ادب و ثقافت جرنل سردار عجائب سنگھ چٹھہ، چیئرمین مسلم انسٹی ٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد، ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ تمام مذاہب انسانیت کا پیغام دیتے ہیں اور صوفیا نے بہترین انداز میں اس پیغام کو پھیلایا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا جلال الدین رومی، بابا گورونانک اور سلطان باہو کی تعلیمات ایک جیسی ہیں اور انہوں نے بتایا کہ کس طرح تکبر کو ختم کرنا ہے اور محبت پھیلانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا فلسفہ سمجھ آ جائے معاشرتی برائیاں اور نجی خامیاں دور ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کے انسانیت کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے اور ان کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم بہترین انسان بن سکتے ہیں۔ انہوں نے بابا گورو نانک چئیر قائم کرنے پر وائس چانسلر کو مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ اسلام اور دیگر مذاہب میں امن اور بہترین اخلاقی اقدار کو فروغ دیا گیا ہے جن پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد (ص) نے فرمایا ہے کہ بہترین مسلمان وہ ہے جس کے اخلاق سب سے ذیادہ اچھے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسروں کی غلطیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے معاف کر دیا چاہئے۔ پنجاب یونیورسٹی دیگر ممالک کے درمیان راوبط کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری نے کہا کہ مولانا رومی کے طرز کلام نے دنیا کی تمام ثقافتوں پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا رومی کی سوچ کا مقام برصغیر کے تمام مفکرین سے بلند ہے اور ان کی تخلیقات لوگوں کے دلوں میں چھائی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا رومی کی تعلیمات کا اثر علامہ اقبال پر بھی ہے اور علامہ اقبال کی سوچ کا ایک حصہ ایرانی سکالرز پر بھی اثر انداز ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی فکر یہ تھی کہ مغرب کی طرف دیکھنے کی بجائے مسلمان آپس میں اتحاد قائم کر کے خود پر انحصار کریں اور ایران اس فلسفے پر عمل پیرا ہے۔ اولاس ارتاس نے کہاکہ مولانا رومی اور سلطان باہو نے معاشرے میں برداشت کو فروغ دینے کا پیغام دیا۔ صاحبزادہ سلطان احمد نے کہا کہ آٹھ سو سال بعد بھی مولانا رومی کی تعلیمات آج کے معاشرے کیلئے فائدہ مند ہیں۔


خبر کا کوڈ: 779064

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/779064/تمام-مذاہب-انسانیت-کا-پیغام-دیتے-ہیں-راجہ-یاسر-ہمایوں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org