QR CodeQR Code

سعودی عرب نے پاکستان کیلئے حج کا کوٹہ 2 لاکھ کر دیا

21 Feb 2019 01:34

پاکستان کے حج کوٹے میں اضافہ کر دیا گیا ہے، اب 2 لاکھ پاکستانی حج ادا کریں گے، اس سے پہلے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 84 ہزار تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستانیوں کو سعودی عرب نے تحفہ دیتے ہوئے حج کوٹہ 2 لاکھ کردیا۔ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ سعودی وزیرخارجہ سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے، پاکستان کے حج کوٹے میں اضافہ کر دیا گیا ہے، اب 2 لاکھ پاکستانی حج ادا کریں گے، اس سے پہلے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 84 ہزار تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے اس زبردست اقدام پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے سعودی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب پاکستانی عازمین حج کو امیگریشن کے عمل میں بھی سہولت مل گئی اور پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ ای ویزہ کی سہولت والے ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے جس کے بعد اب عازمین حج کے پاسپورٹ سعودی سفارتخانے بھجوانے کی پابندی ختم ہو چکی ہے اور اب عازمین حج کو ان کا حج ویزہ ان کے گھر پہنچایا جائے گا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں، پاکستانی عازمین حج سعودی ایئرپورٹس پر انتظار کی کوفت سے بچ جائیں گے اور عازمین کو امیگریشن کے عمل میں ناقابل یقین حد تک سہولت ملے گی، کراچی کے عازمین حج کی امیگریشن کراچی میں ہی ہو جائے گی، جب کہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی امیگریشن سہولت کی کوشش کی جا رہی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 779123

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/779123/سعودی-عرب-نے-پاکستان-کیلئے-حج-کا-کوٹہ-2-لاکھ-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org