QR CodeQR Code

ہنگو میں مکان اور چارسدہ میں مدرسے کی چھت گر گئی، ماں بیٹی جاں بحق 4 طلبہ زخمی

21 Feb 2019 10:45

چارسد اور گردونواح میں گذشتہ آٹھ گھنٹوں سے تیز بارش جاری ہے اور مختلف علاقوں میں بارش کی وجہ سے شدید مالی اور جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ دوسری جانب پشاور شہر اور مضافاتی علاقوں میں بھی گذشتہ روز سے جاری بارش کی لڑی تاحال جاری ہے تاہم بٹگرام اور قبائلی ضلع اورکزئی میں شدید برفباری سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا بھر میں جاری مسلسل بارشوں کی وجہ سے چھت گرنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چھت گرنے کے تازہ ترین واقعات ہنگو اور چارسدہ میں سامنے آئے ہیں جن میں ماں بیٹی جاں بحق جبکہ چار بچے زخمی ہوئے ہیں۔ ہنگو کے علاقے قاضی پمپ میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ سالہ بچی ماں سمیت جاں بحق ہوگئی جن کی میتیں شہید فرید خان ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔ اسی طرح چارسدہ کے نواحی علاقہ شیرپاؤ قیوم آباد میں دینی مدرسہ کی چھت گرنے سے چار بچے زخمی ہوگئے۔ اہل علاقہ اور ریسکیو ٹیموں نے آپریشن کرکے مزید بچوں کو بحفاظت نکال لیا ہے۔ ریسکیو 1122 نے زخمی ہونے والے 4 بچوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوٸے ڈی ایچ کیو ہسپتال تنگی منتقل کردیا ہے۔ چارسد اور گردونواح میں گذشتہ آٹھ گھنٹوں سے تیز بارش جاری ہے اور مختلف علاقوں میں بارش کی وجہ سے شدید مالی اور جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ دوسری جانب پشاور شہر اور مضافاتی علاقوں میں بھی گذشتہ روز سے جاری بارش کی لڑی تاحال جاری ہے تاہم بٹگرام اور قبائلی ضلع اورکزئی میں شدید برفباری سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ چھترٹاپ کے مقام پر شاہراہ ریشم سڑک کا آدھا حصہ لینڈ سلائیڈنگ کی نذر ہوگیا جبکہ رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔ بٹگرام کی تحصیل آلائی میں 5 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ اورکزئی کے جپر ٹاپ، سنپوگ، یخوکنڈاؤ اور سمانہ میں بھی شدید برفباری کے باعث سڑکیں بند اور لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 779150

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/779150/ہنگو-میں-مکان-اور-چارسدہ-مدرسے-کی-چھت-گر-گئی-ماں-بیٹی-جاں-بحق-4-طلبہ-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org