0
Thursday 21 Feb 2019 11:34

کشمیری عوام بھارتی مظالم کے خلاف جوابی ردعمل دے رہے ہیں، ملیحہ لودھی

کشمیری عوام بھارتی مظالم کے خلاف جوابی ردعمل دے رہے ہیں، ملیحہ لودھی
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم سے نظریں نہیں چرا سکتی۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے عرب ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے، نئی دہلی کے غیرذمہ دارانہ بیانات معاملات کو الجھا رہے ہیں۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے نظریں نہیں چرا سکتی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے وعدے سے مکر رہا ہے، گزشتہ سال مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جبرو تشدد کی انتہا ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر پر انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ میں انکوائری کمیشن کی سفارش کی گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس اور سلامتی کونسل کے صدر سے ملاقاتیں کیں اور انہیں بھارتی الزام تراشیوں اور دھمکیوں سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے موقف سے آگاہ کیا تھا۔ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر مظالم کی انتہا کر چکا ہے، کشمیری عوام بھارتی مظالم کے خلاف جوابی ردعمل دے رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحانہ رویہ خطے کو مزید غیرمستحکم کررہا ہے، ضرورت پڑی تو پاکستان بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دے گا۔
خبر کا کوڈ : 779171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش