QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی کے ارادے اچھے ہوتے تو تحریک انصاف کی حکومت ہی نہ آتی، شاہ محمود قریشی

21 Feb 2019 11:45

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بیوروکریسی کے بڑے طبقے کو یقین تھا کہ پنجاب میں نون لیگ کی حکومت رہے گی، لیکن اب پنجاب کی نئی حکومت آہستہ آہستہ اپنے قدم جما رہی ہے، ان کو موقع ملنا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پی پی چیئرمین آصف علی زرداری کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے اسے عوامی مینڈیٹ کی توہین قرار دیا، کہا سندھ کے عوام ایک بار پھر ان پر بھروسا کر کے قیمت چکا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں نے پیپلز پارٹی کو مسترد کیا ہے، عمران خان نے عوام کے اعتماد پر 2 جماعتی سسٹم کو اکھاڑ پھینکا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نوجوان طبقہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے لا تعلق ہو گیا ہے، پی پی کے ارادے اچھے ہوتے تو پی ٹی آئی کی حکومت ہی نہ آتی، آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی سندھ میں بھی اپنا مقام رکھے گی، پی ٹی آئی کے آنے کی پیپلز پارٹی تیاری کرے۔ وزیر خارجہ نے کہا سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پی پی پی مختلف بہانوں سے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی کے بڑے طبقے کو یقین تھا کہ پنجاب میں نون لیگ کی حکومت رہے گی، لیکن اب پنجاب کی نئی حکومت آہستہ آہستہ اپنے قدم جما رہی ہے، ان کو موقع ملنا چاہیے۔ وزیر خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا میرے خط کے جواب میں مثبت جواب آیا ہے، انھوں نے بھی کہا ہم کشیدگی ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، اب کسی کو تیار ہونا ہے تو وہ بھارت ہے جسے بات چیت کے لیے آگے آنا ہوگا۔ شاہ محمود نے کہا کہ فاروق عبداللہ نے بھی کہا الزام لگانا آسان ہے مگر حالات اس طرح ٹھیک نہیں ہوں گے، بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں، آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ پلوامہ حملہ بھارتی حکومت کی نا کام پالیسی کا ثبوت ہے۔


خبر کا کوڈ: 779175

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/779175/پیپلز-پارٹی-کے-ارادے-اچھے-ہوتے-تحریک-انصاف-کی-حکومت-ہی-نہ-آتی-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org