0
Thursday 21 Feb 2019 20:40

تشدد کشمیری نوجوانوں کو بغاوت پر گامزن کرنیکا منصوبہ ہے، مشترکہ قیادت

تشدد کشمیری نوجوانوں کو بغاوت پر گامزن کرنیکا منصوبہ ہے، مشترکہ قیادت
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ تاجروں، طلباء و طالبات، مسافروں اور زندگی کے دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں پر بھارت کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے حملے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہر لحاظ سے حکومتی ایماء پر کرائے جانے والے حملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی شہروں میں کشمیریوں کو مارنے پیٹنے، بے عزت کرنے، اُن کے دکانات اور کاروبار کی لوٹ مار اور اُن پر ڈھائے جارہے مظالم کی ویڈیو، فوٹو اور خبریں مزید کشمیری جوانوں کو پشت بہ دیوار لگانے اور بغاوت کے راستے پر گامزن کردینے کا ہی کام کریں گے۔ مزاحمتی قیادت نے کہا کہ جب آپ معصوم اور جوان سال اسکالرس اور طلاب کی زندگیاں اجیرن کریں گے، ان کے مستقبل کے ساتھ کھیلیں گے اور اُن پر حملہ آور ہونے والوں کے بجائے خود انہیں ہی مورد الزام ٹھہرائیں گے اور تعلیمی اداروں سے معطل کردیں گے تو آپ ان کے لئے بغاوت کا راستہ اختیار کرنے کے سوا کون سا دوسرا راستہ چھوڑتے ہیں۔

مزاحمتی قیادت نے کہا کہ جب بدلہ لینے کے بیانات خود وزیراعظم، وزیر داخلہ اور دوسرے سیاسی قائدین اور جماعتوں سے آرہے ہوں، جب مگھیالہ ریاست کے موجودہ گورنر تھتاگتا رائے کھلے عام کشمیریوں کو مار ڈالنے،  ان کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی باتیں کررہے ہوں، جب ٹی آر پی کی دوڑ میں شامل ٹی وی چینلوں کو نفرت اور زہر پھیلانے کی کھلی چھوٹ فراہم ہو تو اس قسم کے بدترین حملوں کو کیسے محض غم و غصے کا اظہار سمجھا جائے گا۔ مزاحمتی قیادت نے کہا کہ بھارتی شہروں میں کالجوں، یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں کشمیری طلباء و طالبات پر حملوں اور انہیں تعلیم سے برخواست کرنے کی کاروائیاں نیز کشمیری تاجروں، دکانداروں، ملازمین اور مسافروں پر جاری بے ہنگم حملے دراصل انسانوں کے درمیان نفرت پھیلانے کی بدترین حرکت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیع پیمانے اور منظم و مربوط انداز سے کئے جانے والے یہ حملے ہر لحاظ سے حکمرانوں کی ایماء پر کئے جارہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 779198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش