0
Thursday 21 Feb 2019 17:14

سیلابی صورتحال کے حوالے سے انتظامیہ سے رابطے میں ہوں، جام کمال خان

سیلابی صورتحال کے حوالے سے انتظامیہ سے رابطے میں ہوں، جام کمال خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال نے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال جاننے کے لئے پی ڈی ایم اے کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیلابی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے بعد وزیراعلٰی بلوچستان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ بارشوں سے بلوچستان میں خشک سالی کا خاتمہ ہوا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، بارشوں سے تربت کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، دیگر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ بھی مجھ سے مکمل رابطے میں ہے۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کا سامان بھیجا گیا ہے، ریلیف کاموں میں پاک فوج کا تعاون بھی حاصل کیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی ریلیف کے کاموں کیلئے تیاری کر رکھی تھی۔ جام کمال کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت، پاک فوج کے 4 ہیلی کاپٹر بھی ریلیف کے کاموں کیلئے سٹینڈ بائی پر ہیں، بارشوں سے میرانی ڈیم، بیلہ ڈیم اور دیگر ڈیموں میں پانی بھر گیا ہے، فائبر آپٹکس میں خلل سے آواران میں مواصلاتی منقطع ہے جبکہ بارشوں کا پانی کھڑا ہونے سے شہری آبادیاں متاثر ہوئی ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال نے بتایا کہ سیلاب سے لسبیلہ میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، افسوس ہے ماضی میں ڈیم بنانے کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے۔ حالیہ پلوامہ حملے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ کشمیر کیلئے آواز اٹھائیں گے، پلوامہ حملے میں بھارت اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے اپنا رہا ہے، پاکستان کے دیگر ممالک سے تعلقات کی وسعت سے بھی بھارت خائف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے ہمارا موقف دو ٹوک ہے، ہم نے قانون سازی کی کہ کوئی غیر مقامی بلوچستان میں زمین کا مالک نہیں بن سکتا، کسی بھی ایم او یو میں بلوچستان کا نام ہوگا تو دستخط بلوچستان حکومت ہی کرے گی۔
 
خبر کا کوڈ : 779277
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش