QR CodeQR Code

ہیلری کلنٹن کا وزیراعظم گیلانی کو فون، پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال

10 Jun 2011 10:30

اسلام ٹائمز:دونوں رہنماوٴں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ القاعدہ کا خاتمہ کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ وزیراعظم گیلانی نے نشاندہی کی کہ طالبان اور القاعدہ کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے، جس سے خطرے پر قابو پانے میں مدد ملے گی


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے گذشتہ رات وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو ٹیلی فون کیا، جس کے دوران پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسلام آباد میں سرکاری ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ہیلری کلنٹن اور وزیراعظم گیلانی کی بات چیت تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہی۔ امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے عزم کی تعریف کی اور امریکا کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دونوں رہنماوٴں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ القاعدہ کا خاتمہ کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ وزیراعظم گیلانی نے نشاندہی کی کہ طالبان اور القاعدہ کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے، جس سے خطرے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ دونوں رہنماوٴں نے پاک امریکا انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ہیلری کلنٹن نے بتایا کہ غیرملکی اقتصادی امداد کے لئے نائب وزیر خارجہ مسٹر نائیڈز چودہ جون سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے، جس میں اقتصادی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم گیلانی نے امریکی وزیر خارجہ کو بتایا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے امریکا اور دیگر بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پاکستان میں مکمل اتفاق رائے ہے۔


خبر کا کوڈ: 77929

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/77929/ہیلری-کلنٹن-کا-وزیراعظم-گیلانی-کو-فون-پاک-امریکا-تعلقات-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org