0
Thursday 21 Feb 2019 19:10

بھارت خاطر جمع رکھے، آزادی کشمیر نوشتہ دیوار ہے، فائزہ نقوی

بھارت خاطر جمع رکھے، آزادی کشمیر نوشتہ دیوار ہے، فائزہ نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے پاکستانی قیدی شاکر اللہ کی بھارتی جیل جے پور میں قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشتگردی قرار دیا اور حکومت سے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی اور انسانی حقوق تنظیموں کے سامنے معاملہ اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت سفارتی آداب اور قیدیوں کو محفوظ رکھنے کی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے، جو کہ جنیوا کنونشن اور باہمی تعلقات کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ ہو چکی ہیں، بھارت میں مسلمان، مسیحی اور سکھ مذاہب کے عوام انتہا پسند ہندووں کے مظالم کا شکار ہی نہیں بلکہ ان کی آزادی اظہار رائے پر بھی پابندی عائد ہے۔ بھارتی میڈیا اور انتہا پسند ہندو تنظیموں کی پاکستان کیخلاف صف آرائی قابل مذمت ہے۔

جے یو پی کی مرکزی صدر نے کہا کہ آزادی کشمیر نوشتہ دیوار ہے، بھارت کو کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم ہی کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سابق کٹھ پتلی وزرائے اعلی مقبوضہ کشمیر فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے پاکستان سے مذاکرات کے حوالے سے حالیہ بیانات بھارت کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہیں، کشمیری ہندوستانی تسلط کو مزید برداشت نہیں کریں گے، انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہیے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کریں جس طرح وزیراعظم نے عمران خان نے انھیں پیشکش بھی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ میں پہل نہیں کرنا چاہتا لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔
خبر کا کوڈ : 779294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش