0
Thursday 21 Feb 2019 19:22

انتقامی کارروائیوں کے علاوہ نیب کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، اعجاز ہاشمی

انتقامی کارروائیوں کے علاوہ نیب کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سندھ میں نفرتیں پیدا کرنے کی سازش اور صوبائی خود مختاری پر کاری ضرب قرار دیا ہے۔ مشرقی پاکستان کیساتھ بھی اسی طرح کا سلوک روا رکھا گیا تھا، جس کا اس وقت سندھ سامنا کر رہا ہے، ریاستی ادارے اپنی حدود میں رہنے کیساتھ جمہوری اقدار کا احترام بھی سیکھیں۔ لاہور میں اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ سراج درانی کا کیس سندھ کا تھا تو اسلام آباد سے نیب کی ٹیم کا گرفتار کرنا قابل مذمت ہے، جب وہ ایک دعوت میں شریک تھے، ایسی گرفتاری نفرتیں پیدا کرنے کا اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آصف علی زرداری درست کہتے ہیں کہ موجودہ حکومت اٹھارہویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتی ہے تاکہ صوبائی خودمختاری کو کنٹرول کیا جا سکے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے خبردار کیا کہ عمران خان اپنی حدود سے بڑھ کر اپوزیشن کو للکار رہے ہیں، جس کا نقصان حکومت کیساتھ ملک کو بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے ماحول میں اس وقت قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے لیکن حکومت اپنی رعونت سے ملی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ جے یو پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ بھارت ہمارے خلاف دھمکیاں دے رہا ہے اور ہم ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں۔ احتساب کے نام پر انتقام روا رکھ کر نیب اپنی اہمیت کھو چکی ہے کیونکہ انتقامی کارروائیوں کے علاوہ نیب کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں اسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، احتساب کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 779295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش