0
Thursday 21 Feb 2019 19:32

قوم کا بچہ بچہ دفاع پاکستان کے جذبہ سے سرشار ہے، عبدالغفار روپڑی

قوم کا بچہ بچہ دفاع پاکستان کے جذبہ سے سرشار ہے، عبدالغفار روپڑی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ امن کی خواہش کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھا جائے، افواج پاکستان بھارتی اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، قوم کا بچہ بچہ دفاع پاکستان کے جذبہ سے سرشار ہے اور ملک و قوم کے تحفظ کیلئے جان لینے اور دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں تاہم جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بھارت ہوش کے ناخن لے اور عالمی برادری بھارتی غنڈہ گردی کا سختی سے نوٹس لے۔ بہر صورت خطے میں کشیدگی پوری دنیا کیلئے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔ حافظ عبدالغفار روپڑی نے پلوامہ حملے کو بنیاد بنا کر بھارت کی جانب سے جنگ کے حوالے سے جاری کی گئی گیڈر بھبھکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے اور دشمن کے دانت کھٹے کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے تاہم ہمسایہ ملک افغانستان میں پچھلی دو دہائیوں سے جاری لڑائی میں ہونیوالا نقصان ہمارے سامنے ہے اور یہ بھی قابل ذکر ہے کہ مذاکراتی عمل ہی تمام تر مسائل کا حل بہتر حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور دوستی اور بھائی چارے کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے، ہمیشہ پاکستان نے دوستی کا ہاتھ آگے بڑھانے اور مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کی دعوت دینے میں پہل کی مگر بھارت نے ہمیشہ منافقانہ پالیسی اختیار کرتے ہوئے ہر پلیٹ فارم پر راہِ فرار ہی اپنائی، پلوامہ حملے کو بنیاد بنا کر خطے میں کشیدگی پھیلانے والی مودی سرکار سالہا سال سے کشمیر میں جاری بربریت کا بھی جواب دے، بھارتی انتخابات میں نمبرز گیم کے حصول کیلئے اوچھے ہتھکنڈے اپنائے جا رہے ہیں کیونکہ مودی سرکار کے پاس پاکستان کیخلاف پروپیگنڈے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں۔ حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ عالمی کمیونٹی بھارت کی مذموم کارروائیوں کا نوٹس لے اور جواب طلب کرے کہ وہ کس نظام کے تحت کشمیر میں اور لائن آف کنٹرول پربلا اشتعال کارروائیاں کر رہا ہے، بیگناہ لوگوں کو مارا جا رہا ہے، پوری پوری بستیاں اور گاڑیاں جلائی جا رہی ہیں، عالمی برادری بھارت پر دباؤ بڑھائے کہ وہ کشیر سے اپنی فوج واپس بلائے اور کشمیر سمیت دیگر مسائل پر پاکستان کیساتھ مذاکرات کی میز پر آ کر بیٹھے۔ 
خبر کا کوڈ : 779296
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش