0
Thursday 21 Feb 2019 20:23

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی، 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 9 جاں بحق، 10 زخمی

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی، 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 9 جاں بحق، 10 زخمی
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا او اس کے قبائلی اضلاع میں گزشتہ 72 گھنٹوں سے جاری موسلا دار بارش نے تباہی مچادی۔ صوبہ کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور مکانوں پر بھاری پتھر گرنے کے واقعات میں 2 ایف سی اہلکاروں اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ لنڈی کوتل سے ذرائع کے مطابق ضلع خیبر کے علاقہ اپر باڑہ غیبی نیک میں فرنٹیئر کور (ایف سی) چیک پوسٹ کے کمرے کی چھت گرنے سے 2 اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لئے پشاور منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک کا تعلق لوئی شلمان سے ہے۔ اسی طرح طورخم میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں مقامی افراد نے ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔ دوسری جانب قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل برنگ کے علاقہ اینزری میں بارش کے باعث محمد علی نامی شخص کے مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال لیا۔ دریں اثناء ضلع اپر دیر میں مختلف مقامات پر دو مکانوں پر بھاری پتھر گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور میاں بیوی سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
 
اپر دیر سے ذرائع کے مطابق گزشتہ شب علاقہ گندیگار میں بارشوں کے باعث بھاری پتھر سرک کر مکان پر آگرا جس کے نیچے دب کر محمد ابراہیم نامی شخص جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی جسے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نکال کر طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کردیا۔ دریں اثناء مکان پر بھاری پتھر گرنے کا دوسرا واقع کارو درہ میں پیش آیا جس کے نتیجہ میں 2 کمسن بھائی جاں بحق جبکہ میاں بیوی سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ اپر دیر میں گزشتہ 72 گھنٹوں سے بارش کے ساتھ وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے باعث حادثات کا خطرہ مزید بڑھ گیا، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حالیہ برف باری نے گزشتہ 10 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے جس کے باعث لوگ گھروں تک محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ ضلع صوابی سے ہمارے نمائندے کے مطابق گلشن آباد مانیری پایان میں بارش کے باعث ڈیری فارم کی چھت گرنے سے 2 بھینسیں ملبے تلے دب گئیں۔ مقامی افراد کے کہنا ہے کہ بعد ازاں فارم مالک نے اپنی مدد آپ کے تحت بھینسوں کو زخمی حالت میں نکال کر ذبح کردیا۔
خبر کا کوڈ : 779305
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش