0
Friday 22 Feb 2019 11:45

حافظ سعید سمیت سب سے بات کرکے انہیں ان کے راستے سے ہٹایا جا سکتا ہے، پرویز مشرف

حافظ سعید سمیت سب سے بات کرکے انہیں ان کے راستے سے ہٹایا جا سکتا ہے، پرویز مشرف
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر پرویز مشرف نے وزیراعظم عمران خان کو بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا مشورہ دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ بیانات دئیے جارہے ہیں، جس کے مقاصد سیاسی ہوسکتے ہیں، بھارت اگر کسی طرح کی بھی جارحیت دکھاتا ہے تو ہمیں تیار رہنا چاہیے تاکہ ہم بھی بھرپور جواب دے سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کو بھرپور طریقے سے بھارتی حملے کا جواب دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے، امریکہ کے جانے کے بعد خطے میں ایک بار پھر حالات خراب ہوسکتے ہیں، پاکستان کو بھارت اور افغانستان کے معاملات پر گہری نظر رکھنی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے شک ہم بھارت کے مقابلے میں چھوٹا ملک ہیں، لیکن ہم نے جب بھی بھارت کو جواب دیا وہ بھاگ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بھارت کو اچھا جواب دیا، لیکن یہ کہنا چاہیے تھا کہ مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرو گے تو ایسا پھر بھی ہوسکتا ہے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ ہمیں کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اٹھانا چاہیے، حافظ سعید سمیت سب سے بات کرکے انہیں ان کے راستے سے ہٹایا جاسکتا ہے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ اصل میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے خلاف ہیں، ایک دوسرے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اس لیے الزامات لگاتے رہتے ہیں، ہم نے کوشش کی کہ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ حل ہو لیکن بھارت نے اس موقع کو گنوادیا ہے۔ سابق آرمی چیف نے کہا کہ  خطے میں پاکستان کا کردار بڑھ رہا ہے اور بھارت کا کردار کم ہو رہا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کی واپسی کا آپشن ختم نہیں کیا ہے، میرا مسئلہ ہے کہ مجھے انصاف نہیں مل رہا ہے، اگر انصاف کی فراہمی کی آج گارنٹی مل جائے تو کل واپس آجاوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب چیئرمین نے ملازمین کو غیر ضروری طور پر تنگ کیا، تو میں نے چیئرمین نیب کو ہٹا دیا، جو کام نہیں کرتا اسے فارغ کریں وزیراعظم کو یہی مشورہ ہے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ آصف زرداری کی گرفتاری پر چند لوگ ضرور غصہ ہوں گے، لیکن عوام خوش ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 779360
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش