0
Friday 22 Feb 2019 12:50

سراج درانی کی گرفتاری کیخلاف قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی آج بھی ہنگامہ آرائی

سراج درانی کی گرفتاری کیخلاف قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی آج بھی ہنگامہ آرائی
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے سراج درانی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کرلیا جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی زیر صدارت ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری، سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے اور گیس قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کو گرفتار کیا گیا لیکن پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کو کون پکڑے گا، نیب آئینی عہدوں پر فائز لوگوں کو ثبوت اور وارنٹ کے بغیر گرفتار کررہا ہے، خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنا زیادتی ہے۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ عالمی عدالت انصاف میں نوازشریف کا بیان پاکستان کے خلاف ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا، جو شخص تین مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم بنا وہ غدار کے طور پر سامنے آ رہا ہے، شرم کی بات ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں نوازشریف کا بیان پاکستان مخالف انداز میں چلایا گیا۔ مراد سعید کی تقریر پر اپوزیشن ارکان اسمبلی نے شور شرابا شروع کر دیا اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔  ارکان اسمبلی نے بجلی گیس مہنگی ہائے ہائے کے نعرے لگائے اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ اپوزیشن اراکین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر عوام پر ظلم بند کرو کے نعرے درج تھے۔ اپوزیشن اراکین گیس کے بلز پھاڑ کر ایوان میں پھینک دیں اور احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے جس پر اسمبلی کا اجلاس کورم پورا ہونے تک ملتوی کردیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 779381
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش