0
Saturday 23 Feb 2019 08:06

میڈیا کو دکھائیں گے کہ بہاولپور مدرسہ جیش محمد کا تربیتی مرکز نہیں، فواد چوہدری

میڈیا کو دکھائیں گے کہ بہاولپور مدرسہ جیش محمد کا تربیتی مرکز نہیں، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے واضح کیا ہے کہ بہاولپور میں پنجاب حکومت کی جانب سے مدرسے کا انتظام سنبھالنے کا پلوامہ واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ سماجی رابطی کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، اس سلسلے میں کل کچھ اقدامات کا اعلان کیا گیا، اسی سلسلے میں بہاولپور میں ایک مدرسے کا انتظامی قبضہ پنجاب حکومت نے لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ مدرسہ ہے جس کے متعلق بھارت یہ پروپیگنڈا کر رہا تھا کہ یہ جیش محمد کا ہیڈکوارٹر ہے، ہفتہ کو پنجاب حکومت میڈیا کے نمائندوں کو اس مدرسے میں لے کر جائے گی، جہاں پر وہ خود دیکھ سکیں گے کہ یہ مدرسہ کس طرح سے کام کر رہا تھا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مدرسے میں لگ بھگ 700 طلبا زیر تعلیم ہیں جو زکوٰۃ اور صدقے کے اوپر تدریسی عمل میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ان کارروائیوں کا پلوامہ واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور حکومت، تمام جماعتوں کے اتفاق سے بننے والے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ جمعہ کی شام پنجاب حکومت نے بہاولپور میں قائم ایک مسجد اور مدرسے کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیا تھا، جس کے بارے میں خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ یہ کالعدم جیش محمد کا مرکز ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق حکومتِ پنجاب نے بہاولپور میں مدرسۃ الصابر اور جامع مسجد سبحان اللہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جو اطلاعات کے مطابق جیش محمد کا ہیڈکوارٹر ہے اور اس کے امور کو چلانے کے لیے ایک منتظم تعینات کیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے مدرسے کی سیکیورٹی کے انتظامات بھی سنبھال لیے ہیں۔ بعد ازاں ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی کہ اس مرکز کو بھارتی ذرائع ابلاغ مبینہ طور پر جیش محمد تنظیم کے تربیتی مرکز سے وابستہ کررہے ہیں جبکہ یہ خالصتاً ایک مدرسہ اور جامع مسجد ہے جس میں سیکڑوں یتیم اور متوسط طبقے کے طلبا دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 779504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش