0
Saturday 23 Feb 2019 09:18

موجودہ نظام سے بغاوت نہ کرنے والا سب سے بڑا منافق ہے، سراج الحق

موجودہ نظام سے بغاوت نہ کرنے والا سب سے بڑا منافق ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے گوجرانوالا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت غیر سنجیدہ لوگوں کے ہاتھ میں آگئی ہے، سب سے بڑے صوبے کا وزیر اعلیٰ کہتا ہے کہ میں نیا آیا ہوں اور آہستہ آہستہ سیکھ رہا ہوں، حکمرانوں کے سیکھنے کی رفتار یہی رہی تو 5 سال سیکھنے میں ہی گزار دیں گے، مشرف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی ناکام حکومتوں میں رہنے والے اب پی ٹی آئی حکومت میں اکٹھے ہوگئے ہیں، ان کے پاس ڈیلیور کرنے کی صلاحیت نہیں، عوام مسائل کی دلدل سے نکلنا چاہتے ہیں تو انہیں اسلام کے بابرکت نظام کے لیے میدان عمل میں آنا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ پلوامہ میں مرنے والے بھارتی فوجی پڑھنے نہیں، کشمیریوں کا قتل عام کرنے آئے تھے، کشمیریوں کو بھی اپنی جان مال اور عزت کی حفاظت کے لیے لڑنے اور بدلہ لینے کا حق ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں مودی کا چیلنج قبول کرتے ہیں، فوج اور وزیراعظم اللہ کا نام لے کر میدان میں نکلیں پوری قوم بھارت کے خلاف قدم بقدم ان کا ساتھ دے گی، بھارت کے خلاف پاکستان کے عوام، فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں، مودی سرکار کے ہاتھوں ناصرف کشمیری مسلمان بلکہ غریب ہندوؤں، سکھوں اور عیسائیوں کا بھی قتل عام اور استحصال ہورہا ہے، ایک طرف مودی پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور دوسری طرف ہمارے حکمران کروڑوں روپے اجلاسوں پر خرچ کرنے کے بعد اسمبلی میں قانون سازی کے بجائے دھینگا مشتی کرتے نظر آتے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک پر مسلط فرسودہ اور استحصالی نظام کو دریا برد کرنے اور آئین پاکستان کے مطابق قرآن و سنت کے نظام کو رائج کیے بغیر تبدیلی نہیں آسکتی، عوام کو اس ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا، اس نظام سے بغاوت نہ کرنے والا سب سے بڑا منافق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے بار بار حکومت کی ،تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت میں بھی وہی لوگ بیٹھے ہیں جو مشرف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے ساتھ تھے، یہ ناکام لوگوں کا ٹولہ ہے جس نے عوام کی امیدوں کا خون کیا ہے، حکومت میں ڈیلیور کرنے کی صلاحیت ہی نہیں، 6 ماہ گزرنے کے بعد سوائے قیمتیں بڑھنے کے کوئی تبدیلی نہیں آئی، غریب کے لیے تعلیم ہے نہ علاج، دن بھر کی محنت کے باوجود مزدور بھوکا سوتا ہے اور کسان کی خون پسینے کی کمائی جاگیر دار اور وڈیرے کھاتے ہیں، تھر میں بچے بھوک سے مررہے ہیں اور حکمران عیش و عشرت میں مست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے معیشت اور تجارت میں بہتری لانے کے نام پر جمعے کی چھٹی ختم کی تھی، عوام پوچھتے ہیں کہ آج تک معیشت میں کونسی سے بہتری آئی ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ کل کے حکمران اسلام پر چلتے تھے نہ آج کے اسلام پر چلنے کو تیار ہیں لیکن نعرے مدینے جیسی ریاست کے لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت جلد آنے والا ہے جب وی وی آئی پیز کا مسلط کردہ یہ نظام لپیٹ اور اسٹیٹس کو کو دفن کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلام کے غلبے اور نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے، عوام مسائل کی دلدل سے نکلنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔ اس موقع پر پنجاب کے سیکرٹری جنرل جاوید قصوری، نائب امیر قدرت اللہ بٹ، ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف بھی موجود تھے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا کہ زرداری، نواز شریف اور مشرف کے حواریوں کو ساتھ بٹھا کر عمران خان کہتے ہیں کہ میں تبدیلی لے کر آؤں گا، آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خود کشی کو ترجیح دینے کے نعرے لگانے والے وزیراعظم خود آئی ایم ایف کے چرنوں میں جاکر بیٹھ گئے۔
خبر کا کوڈ : 779517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش